• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شہباز برطانیہ کی عدالتوں میں عمران اور شہزاد کیخلاف دعویٰ کرینگے‘

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہباز شریف برطانیہ کی عدالتوں میں عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں شاہدخاقان عباسی نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا چیلنج قبول کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر یہ الزام ہے کہ مشرف دور میں ایرا کے اندر شہباز شریف نے کرپشن کرلی، ایرا کے کیس بنانے ہیں تو مشرف پر بھی بنائیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مشرف کے زمانے سے ایرا کی فنڈنگ جاری ہے، جو ثبوت آپ کے پاس ہیں، جائیں نیب کو دیں، نیب مقدمہ بنائے۔

انہوں نے شہزاد اکبر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پنجاب کے بجٹ میں کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ شہزاد اکبر اور حواریوں سے پوچھا جائے کہ ان کے دوروں پر حکومت کے کتنے پیسے خرچ کیے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی یہ کہا گیا کہ لاہور میٹرو پر 70 ارب روپے خرچ ہوگئے، ریکارڈ آیا تو پتہ چلا کہ پوری میٹرو 30 ارب میں بنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب پشاور کی بی آر ٹی کا بھی معائنہ کرلیں، جہاں 100 ارب روپے خرچ ہوگئے، ساری میٹروز چل رہی ہیں صرف عمران خان کی میٹرو نہیں چل رہی۔

انہوں نے کہا کہ ان چوروں کا پتہ کریں جو پشاور میٹرو میں پیسے کھاکر آج وزیر بنے ہوئے ہیں، آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سیدھا نیب کے پاس جائیں۔

شاہدخاقان کا کہنا تھا کہ ایک نوید اکرام صاحب کا ذکر کیا گیا ہے کہ انہوں نے گواہی دی ہے، نوید اکرام کو شہباز شریف نے کرپشن کے الزام میں نکالا تھا، ان سے 40 کروڑ کی ریکوری ہوئی تھی، اینٹی کرپشن نے اُنہیں گرفتار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ میں ہمت ہے تو عوام کی عدالت میں جائیں تاکہ عوام خود جھوٹ اور سچ کا فیصلہ کریں، آج تک عمران خان نے جو بات کی ہے، اس میں کسی کوسچ نہیں ملا۔

تازہ ترین