• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رینجرز کی کارروائی، دو اسٹریٹ کرمنل گرفتار

 پاکستان رینجرز(سندھ)نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرزمان ٹاؤن اور شاہ فیصل کالونی کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان خادم حسین اور نعمان خان کو گرفتار کرلیا، جو لوگوں سے لوٹ مار، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

جبکہ بغدادی، چاکیواڑہ اور بلدیہ ٹاؤن کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان آفتاب عرف چھوٹا منا،عامر عرف جلیلا،کامران اور راشد خان عرف ویٹل کو گرفتار کیا۔

یہ ملزمان موٹر سائیکل چھیننے،منشیات فروشی،ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن،مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمدکر لی گئی ہے اورتمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

 دریں اثنا اندرون سندھ پانی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران  پاکستان رینجرز (سندھ) نے ضلع بدین کے علاقے پیر واہ کنال RD-40 سے RD-48 اور ضلع سجاول کے علاقے جعفر واہ جنگ بہار کنال RD-0سے RD-52 میں پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز، موگھے اور نکوں کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 32کلو میٹر نہری علاقے کے31 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن،موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا، جبکہ27 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئیں۔

علاقے کے کاشت کاروں نے رینجرز، محکمہ آبپاشی اور پولیس کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔


تازہ ترین