• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن کیس کا فیصلہ بدھ کو سنایا جائے گا


عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن جادھو کیس کا فیصلہ بدھ (17جولائی) کو سنایا جائے گا۔

بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر کلبھوشن جادھو تسلیم کرچکا ہے کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را‘ کا ایجنٹ ہے، جسے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے لئے بھیجا گیا تھا۔

انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کے اعلامیے کے مطابق کلبھوشن جادھو کیس کا فیصلہ 17جولائی کو دن 3 بجے ہیگ کے پیس پیلس میں سنایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق کلبھوشن جادھو کیس کا فیصلہ پبلک سٹنگ کے دوران آئی سی جے کے جج عبدالقوی احمد پڑھ کر سنائیں گے۔

قانونی ماہرین کی رائے میں عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آنے کی قومی امید ہے۔

ماہرین کے مطابق آئی سی جے کا بھارت کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کلبھوشن تک قونصلر رسائی ہی ہوسکتا ہے، اس سے قبل آئی سی جے 5 کیسز میں قونصلر رسائی دے چکی ہے، لیکن یہ پہلی دفعہ ہو گا کہ عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ ایک جاسوس کو قونصلر رسائی دی جائے یا نہیں؟

کلبھوشن کیس کے حوالے سے اب تک ہونے والی سماعت میں بھارت یہ واضح کرنے میں ناکام رہا ہے کہ کلبھوشن جادھو کے پاس 2 پاسپورٹ کیوں اور کیسے تھے؟

کلبھوشن جادھو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار ہوا، جسے پاکستان ملٹری کورٹ کی طرف سے سزائے موت دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 اپریل 2017ء کو کلبھوشن جادھو کی سزائے موت کی توثیق کی۔

کلبھوشن نے رحم کی اپیل کی تھی جبکہ بھارت معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے گیا۔

تازہ ترین