• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادہ باؤنڈریز پر فتح کا قانون آئی سی سی کا مذاق قرار

لندن (جنگ نیوز) انگلش کرکٹ ٹیم ورلڈکپ فائنل میں زیادہ باؤنڈریز لگانے کی بدولت عالمی چیمپئن بن گئی۔ گوکہ یہ قانون ٹورنامنٹ سے قبل وضع کیا گیا تھا اور تمام ٹیموں پر یکساں طور پر لاگو ہونا تھا لیکن جس طرح نیوزی لینڈ کو شاندار کھیل اور سپر اوور میں ٹائی کے باوجود شکست ہوئی، اس کے بعد اس قانون کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سابق کرکٹرز اور ماہرین نے اسے آئی سی سی کا مذاق قرار دیا ہے۔سابق کیوی کرکٹرز کو بے حد ناراض ہیں وہ کہتے ہیں یہ قانون بے ہودہ ہے۔ ماضی کے اسٹارز اسکاٹ اسٹائرس، ڈیون ناش کائل ملز اور دیگر نے شکست کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے قانون پر نظرثانی پر زور دیا ہے۔ سابق آسٹریلین بیٹسمین ڈین جونز کہتے ہیں کہ نیوزی لینڈ بدقسمت رہا۔ یہ ورلڈکپ فائنل تھا، رولز پر ازسر نوغورضروری ہے، میرے خیال میں ایک اور سپر اوور ہونا چاہیے تھا۔ سری لنکن آل رائونڈر اینجلو میتھیوز کے مطابق ایسے شاندار مقابلے کے بعد ٹرافی شیئر کیا جانا بہتر ہوتا۔ سابق آسٹریلین آل راؤنڈر ٹام موڈی نے کہا کہ باؤنڈریز کا قانون متنازع ہے۔ بھارتی کمنٹیٹر اور سابق بیٹسمین سنجے منجریکر کے مطابق ورلڈکپ کچھ اس طرح یاد رکھا جائے گا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی جیت گئے۔ بریٹ کہتے ہیں کہ اس انداز سے چیمپئن کا فیصلہ کرنا بھیانک ہے۔ اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی اوپننگ بیٹسمین روہت شرما نے بھی تبدیلی پر اصرار کیا ہے۔

تازہ ترین