• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آڈٹ اوور سائٹ بورڈ نے ایک آڈٹ فرم کی رجسٹریشن منسوخ کر دی

اسلام آباد ( کامر س رپورٹر ) آڈٹ اوور سائٹ بورڈ نے ایک آڈٹ فرم کی رجسٹریشن منسوخ کرکےاسکے عوامی مفاد کی کمپنیوں کا آڈٹ کرنے پر پابندی لگا دی ہے ، بورڈ نے اپنے باقاعدہ مانیٹرنگ منصوبے کے تحت مارچ 2019 میں آڈٹ فرم مدثر احتشام اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکائونٹٹنٹس کے آڈٹ معیار کیلئے ریکارڈ کی چھان بین کا آغاز کیا،بورڈ کی جاری پریس ریلیز کے مطابق فرم نے معائنے میں تاخیر کیلئے تین مہینے کی درخواست کی جسے مسترد کردیا گیا کیونکہ چھان بین فرم کے پرانے آڈٹ ریکارڈ سے کی جانی تھی اور اس کام کیلئے یہ ریکارڈ پہلے سے ہی تیار ہونا چاہئے تھا، بورڈ کے تفتیش کار معائنے کیلئے دی گئی تاریخ کو جب فرم کے دفتر لاہور پہنچے تو انہیں معائنے کی اجازت نہیں دی گئی،بورڈنے اسکے بعد فرم کو شوکاز نوٹس جاری کیااور موقع فراہم کیا گیا کہ وہ تحریراً اپنی پوزیشن کی وضاحت کرے، ساتھ ہی فرم کو شنوائی کا موقع بھی دیا گیا، 30 اپریل 2019 کو تیسری سماعت پر کمپنی نے اے او بی کو مطلع کیا کہ وہ اپنے ریکارڈز کا معائنہ کرانے کیلئے تیار ہے تاہم جب بورڈ کی ٹیم 6 مئی کو فرم کے دفتر گئی تب بھی ٹیم کو نامکمل اورغلط معلومات فراہم کی گئیں،بورڈ نے فرم کو وضاحت فراہم کرنے کے مزید مواقع دیئے لیکن فرم نے کوئی تحریری معلومات جمع کرائیں اور نہ ہی سماعت کے مواقع پر وضاحت کیلئے پیش ہوئی، ریگولیٹر کو مطلوبہ معلومات دینے سے انکار اور غلط معلومات فراہم کرنا قانوناً بڑی خلاف ورزی ہے،اس مرحلے پر فرم کو مطلع کیا گیا کہ اب کوئی اور راستہ موجود نہیں اور حکمنامہ کے ذریعے معاملے کو حتمی انجام تک پہنچانا ضروری ہے،سی ای او اے او بی عثمان حیات نے کہا کہ شیئر ہولڈرز اور سرمایہ کار پیشہ ور آڈٹ کمپنیوں کی آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی بنیاد پر مالیاتی فیصلے کرتے ہیں، آڈٹ کے معیار میں عوامی دلچسپی شامل ہے کیونکہ سرمایہ کار قرض دہندگان اور دیگر متعلقین آڈیٹر کی رائے پر بھروسہ کرتے ہیں ، بورڈ آڈٹ شعبے کا خودمختار ریگولیٹر ہے جو 2016ء میں ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے قائم کیا گیا، بورڈ کا مقصد مفاد عامہ کی کمپنیوں میں آڈٹ کے معیار کی نگرانی کرنا ہے، ایک تخمینے کے مطابق 1000 سے زائد مفاد عامہ کی کمپنیاں ہیں جن میں لسٹڈ اور نان لسٹڈ پبلک سیکٹر شامل ہیں، اس وقت پاکستان میں 550 سے زائد آڈٹ فرمز ہیں جن میں سے 121 کے پاس اطمینان بخش کوالٹی ریٹنگ ہے اور101 آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کیساتھ رجسٹرڈ ہیں ۔
تازہ ترین