• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی جائیدادیں منجمد کرنے کیلئے نیب کی تیاریاں

لاہور (نمائندہ جنگ) نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمد شہباز شریف کی جائیدادیں منجمد کرنے کی منصوبہ بندی کرلی۔ نیب عدالت سے اجازت لیکر ماڈل ٹائون کا گھر، قیمتی گاڑیاں، اسلام آباد، ہری پور کے اثاثے بھی قبضے میں لیے جائینگے۔شہبازشریف پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹی ٹی کے ذریعے ناجائز اثاثے بنائے۔ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کے بعد نیب نے انکی اہلیہ نصرت شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد کو بھی خطوط لکھے لیکن انکی طرف سے جواب نہیں دیا گیا۔ شہبازشریف خاندان منی ٹریل فراہم کرنے میں بھی ناکام رہا۔نیب شہباز شریف کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں ماڈل ٹاون میں رہائش گاہ سمیت دیگر اثاثے منجمد کریگا۔ اسکے بعد اسلام آباد اور ہری پور کے اثاثے قبضے میں لئے جائینگے۔ قیمتی گاڑیوں کی بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔نیب لاہور نے محکمہ ریونیو کو شہبازشریف خاندان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات کیلئے خط لکھا ہے، تمام متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کے بعد احتساب عدالت سے اگلی کارروائی کی اجازت لی جائیگی۔

تازہ ترین