• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوری سے بنی جائیدادیں ضبط ہوں گی، شہباز فیملی کے اکثر اثاثے ٹی ٹیز سے بنے، شہزاداکبر

اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل، جنگ نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ احتساب آرڈیننس کے تحت چوری سے بنی جائیدادیں ضبط ہونگی، شہباز فیملی کے اکثر اثاثے ٹی ٹیز سےبنے، حمزہ شہباز کے 95 فیصد، سلیمان شہباز 99 فیصد اورشہباز شریف کی پہلی اہلیہ کی 80 فیصد آمدن اور اثاثے غیر ملکی ترسیلات زر سے بنائے گئے، شہبازشریف لندن میں میرے خلاف مقدمہ کریں میں ایک ایک ثبوت عدالت میں پیش کروں گااورآنے والے دنوں میں انکے مزید جعلی معاملات سامنے لائینگے، آصف زرداری اور شہباز شریف کو پیسے بھیجنے والی 4 کمپنیاں مشترک ہیں، مزیدجعلی معاملات سامنے لائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی برائے احتساب نے 2011اور2013کے چیک اور پےآرڈرزدکھائے اور عدالت میں جانے کا چیلنج دیا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ ن لیگ نے اپنی پریس کانفرنس میں ایک سال پرانی تصویر دکھائی جیسے برطانوی جریدے میں خبرہم نے لگوائی تھی، 2018 کے الیکشن کی مہم دوران برطانوی صحافی نے الیکشن کے دوران عمران خان سے ملاقات کی تھی اور یہ تصویر تحریک انصاف نے خود جاری کی تھی۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کی جانب سے شائع کی گئی خبر میں شہبازشریف کے خاندان کی کرپشن کا چھوٹا سا حصہ تھا، شہبازشریف فیملی کے اثاثوں سے متعلق مشکوک ٹرانزیکشن جب سامنے آئیں، توسٹیٹ بینک کے ساتھ کام کرنے والے فنانشل مانیٹری یونٹ سے کیس کا آغاز ہوا جن میں باہر سے آئی ہوئی رقم کا علم ہوا تھا، اس رقم کی جب چھان بین کی گئی تو 200 سے زائد غیر ملکی ذرائع سے شریف خاندان کے مختلف لوگوں کے اکاؤنٹس میں آئی تھی یہ رقم 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زائد رقم بنتی ہے،سب سے حیران کن بات ہے کہ شہباز فیملی کے جو ظاہر کئےگئے اثاثے ہیں ان کا فرانزک کیا جائے تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حمزہ شہباز جو نیب کی تحویل میں ہیں اور جسمانی ریمانڈ پر ہیں انکے 95 فیصد اثاثے انہی ترسیلات زر سے بنے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ حمزہ شہباز کے اثاثوں سے متعلق یہ بات ثابت ہوچکی ہے، 3 ماہ لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری ہوتی رہی اور ایک ایک دستاویزات دکھانے کے بعد انکی ضمانت منسوخ ہوئی، سلیمان شہباز نے جتنے بھی اثاثے ظاہر کئےان میں سے 99 فیصد انہی ترسیلات زر سے بنے ہیں، یہاں کی کوئی کمائی نہیں ہے سارا پیسہ باہر سے آرہا ہے، شہباز شریف کی پہلی اہلیہ کی 80 فیصد آمدن اور اثاثے انہی ترسیلات زر سے بنائے گئے، ان تمام رقوم سے اپنی کمپنیاں بنائی گئیں، 200 سے زائد ترسیلات زر بھیجنے والے ان تمام افراد میں سے کسی کی حیثیت نہیں کہ لاہور سے کراچی جاسکے۔

تازہ ترین