• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اعتماد سازی کرے،معیشت متحرک کرنے کی ضرور ت ہے، شازیہ سید

کراچی (جنگ نیوز) یونی لیور پاکستان کی سی ای او شازیہ سید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ اگلے 18 سے 24 ماہ پاکستان کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں، ایک انٹرویو میں اُنہوں نے کہا کہ اس دوران عوامل درست سمت میں رہے تو معاشی حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔ شازیہ سید کے مطابق وزیراعظم کیلئے اُن کا پیغام یہی ہے کہ حکومت اس عرصے میں اعتماد سازی کے اقدامات کرے، پیداواری شعبے میں بے یقینی کی کیفیت کو ختم کرنا ہوگا۔ یونی لیور پاکستان کی 2018ءمیں سیلز ایک کھرب 27 ارب روپے تھی جو گذشتہ مالی برس کے مقابلے میں 9 فیصد زائد رہی۔ اس کا منافع 34 فیصد اضافے کے ساتھ 17 ارب 70 کروڑ روپے رہا۔ شازیہ سید کا مزید کہنا تھا کہ اُن کی کمپنی نے سالانہ پیداوار کا ہدف ڈبل ڈیجٹ میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور پانچ برس کے دوران یہ ہدف حاصل کیا جارہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں جانے سے پہلے اُن کی کمپنی کی پیداوار سنگل ڈیجٹ پر چلی گئی کیونکہ معاشی صورتحال کے باعث صارفین تناؤ محسوس کررہے ہیں، وہ کسی ایڈونچر کے موڈ میں نہیں، شاپنگ کے انداز میں بھی تبدیلی آئی ہے اور صارف اب بڑی پیکنگ کی بجائے درمیانی یا چھوٹی پیکنگ میں سامان خرید رہے ہیں، گھریلو بجٹ میں بھی کفایت شعاری اختیار کی جارہی ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ اس کا نتیجہ اگلے پانچ برس کے دوران سالانہ پیداوار میں کمی کی صورت میں نکلے گا۔
تازہ ترین