• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنگیتا کی فلم ”صرف تم ہی تو ہو“ جمعہ کو جیوفلمز کے تحت ریلیز ہوگی

کراچی (محمد ناصر) سسپنس اور رومانس سے بھر پور معروف ہدایتکارہ سنگیتا کی نئی فلم ”صرف تم ہی تو ہو“ جمعہ کو ”جیوفلمز“ کے تحت پاکستان بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی کاسٹ میں دانش تیمور، قراۃ العین، متیرہ، شیراز سکندر، صائم علی، نمرہ بٹ، خواجہ سلیم، لکی علی، ساجد حسن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم کے مصنف سورج بابا ہیں جو اس سے پہلے بھی چند سپر ہٹ فلموں کے اسکرپٹ تحریر کرچکے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کراچی اور لاہور میں کی گئی ہے جبکہ اس کی پوسٹ پروڈکشن بھارت میں ہوئی ہے۔ فلم میں نا صرف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز سننے کو ملے گی بلکہ اداکارہ متیرہ بھی آئٹم سانگ کرتی نظر آئیں گی۔ فلم کو پنجاب کے سنسر بورڈ نے پاس کردیا ہے اور فلم کی پروموشن کا آغاز بھی ہوچکا ہے، یاد رہے کہ ہدایتکارہ کی یہ فلم 3 برس کی تاخیر کے بعد ریلیز ہورہی ہے، کچھ مسائل کے سبب فلم اپنے وقت پر ریلیز نہ ہوسکی تھی تاہم فلم کا جاندار ٹریلر پہلے ہی ریلیز کیا جاچکا ہے جسے سوشل میڈیا پر اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ ٹریلر میں نظر آنے والی خوبصورت لوکیشن، جاندار مکالموں، جذباتی مناظر، ایکشن اورسسپنس نے شائقین کو اپنی طرف تیزی سے کھینچنا شروع کردیا ہے۔ فلم میں کئی جذباتی مناظر بھی ہیں جسے دیکھ کر خواتین اپنے آنسو نہیں روک پائیں گی۔ یہ فلم خاندانی رشتوں کے مابین جذباتی لگاؤ پر مبنی فلم ہے جس میں رومانس، ایکشن اور اصلاحی پہلو بھی شامل کیا گیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ میری فلم شائقین کے مزاج اور باکس آفس پر چھا جائے گی۔
تازہ ترین