• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ایچ ای سی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ تخلیق کرنیکی منظوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ تخلیق کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ کمیشن فعال ہی نہیں ، اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا، سندھ ایچ ای سی کی ویب سائٹ نہ ہونے پر تشویش ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرکا عہدہ تخلیق کرنے کی منظوری دی گئی تاہم پہلے اس کی محکمہ قانون اور صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جس کے بعد ایچ ای سی کے ایکٹ میں ترمیم کے بعد عہدہ باقاعدہ تخلیق ہوجائے گا۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ ہی نہیں ہے اور گزشتہ پانچ سال سے اس کی تخلیق کی کوشش ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے نہ تو کمیشن ارکان کی تعداد کا پتہ ہے اور نہ ہی ایچ ای سی کے اعلانات، اجلاس اور اقدامات کی تفصیلات موجود ہے جس کی وجہ سے لوگ سندھ ایچ ای سی کو غیر فعال سمجھتے ہیں۔ واضح رہے کہ سندھ ایچ ای سی کے سیکرٹری اور سیکرٹری بورڈز و جامعات کے عہدے کو ملا د یا گیا ہے اور اس مد میں سیکرٹری بورڈز و جامعات کو ڈیرھ لاکھ روپے کا الاؤنس الگ دیا جاتا ہے۔ چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین نے جنگ کو بتایا کہ اجلاس میں کوئی خاص فیصلہ نہیں ہوا کیوں کہ کمیشن ہی فعال نہیں ہے۔ انہوں نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔
تازہ ترین