• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ برادران پر 8 اگست کو فردِ جرم عائد ہوگی

لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ برادران سعد رفیق اور سلمان رفیق پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ دے دی، آئندہ سماعت پر 8 اگست کو خواجہ برادران پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

اس سے قبل پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے لیے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو احتساب عدالت پہنچایا گیا۔

اس موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے اور غیر متعلقہ افراد کا عدالت میں داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔

احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت احتساب عدالت نے خواجہ برادران پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 8 اگست کی تاریخ مقرر کی۔

گزشتہ سماعت پر (11 جولائی کو) احتساب عدالت لاہور نے پیراگون اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں (16 جولائی) آج تک توسیع کی تھی۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نون لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون موجود ہے، یہاں اس لیے جاری نہیں کیے جاتے کہ مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔

سابق وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ کامیاب ہڑتال نے ثابت کر دیا کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ ہیں۔

پیرا گون اسکینڈل کیا ہے؟

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات کے دوران انکشاف کیا تھا کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہِ راست روابط ہیں جس کے بعد نیب لاہور نے ان کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔

نیب لاہور نے الزام عائد کیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، بعد میں اس سوسائٹی کا نام تبدیل کر کے پیراگون سوسائٹی رکھ دیا تھا۔

نیب لاہور کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کرتے ہوئے ساتھیوں کے ساتھ ملکر عوام کو دھوکا دیا اور اربوں روپے کی رقم وصول کی، خواجہ برادران کے نام پیراگون سوسائٹی میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

تازہ ترین