• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوڈیل پر عدالتی جنگ لڑوں گی،اینٹی بریگزٹ کمپینر جینا ملر کی دھمکی

لندن (پی اے) اینٹی بریگزٹ کمپینر جینا ملر نے دھمکی دی ہے کہ اگر اگلے وزیر اعظم نے نوڈیل کیلئے پارلیمنٹ کی تعطیل کی کوشش کی تو وہ حکومت کو عدالت لے جائیں گی۔ جینا ملر نے، جو آرٹیکل50 کے حوالے سے وزرا کے خلاف ایک قانونی جنگ جیت چکی ہیں، کہا کہ نوڈیل کیلئے پارلیمنٹ کی تعطیل کرنا اختیارات کے غلط استعمال کے مترادف ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بریگزٹ کو روکنا نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی خودمختاری کا دفاع کرنا چاہتی ہیں دوسری جانب بریگزٹ کی حامی رکن پارلیمنٹ پریتی پٹیل نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے ہاتھ باندھنے کیلئے عدالتوں کا سہارا لیا جانا ناقابل قبول ہے۔ زیادہ تر ارکان پارلیمنٹ ڈیل کے بغیر یورپی یونین سے علیحدگی کے مخالف ہیں اور وہ ایسا ہونے سے روکنے کی کوشش کریں گے۔ پارلیمنٹ کی تعطیل یا اس کے اجلاس ملتوی کرنا وزیر اعظم کو ارکان پارلیمنٹ کی خواہشات کے برعکس نو ڈیل بریگزٹ کی راہ فراہم کرنے کے مترادف ہوگا۔ اگر پارلیمنٹ کا اجلاس نہ ہو رہا ہو تو ارکان پارلیمنٹ بورس جانسن کے نوڈیل منصوبے کو نہیں روک سکیں گے۔ کنزرویٹو پارٹی کے رہنما بورس جانسن، جن کے قیادت کی جنگ جیت جانے کے قوی امکانات ہیں، ڈیل ہو یا نہ ہو 31اکتوبر کو ہر قیمت پر یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ انھوں نے یہ مقصد حاصل کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی کرانے کے امکانات کو رد کردیا تھا۔ ان کے مخالف جیرمی ہنٹ نے ایسا نہ کرنے پر زور دیا ہے۔ نو ڈیل کی صورت میں برطانیہ کسی معاہدے کے بغیر طلاق کے عمل کی طرح یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرلے گا۔ نو ڈیل کے مخالفین کا کہنا ہے کہ اس سے معیشت پر تباہ کن اثرات رونما ہوں گے اور شمالی آئرلینڈ اور جمہوریہ آئر لینڈ کے درمیان سرحدی چوکیاں قائم کرنا ہوں گی لیکن نو ڈیل کے حامی سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی گڑ بڑ پر جلد ہی قابوپالیا جائے گا۔ جینا ملر اور ان کی قانونی ٹیم نے رواں ہفتہ بورس جانسن کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی کئے جانے کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی گئی ہے۔
تازہ ترین