• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی کا قبرصی علاقے میں تیل وگیس کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان

استنبول/پیرس(جنگ نیوز )ترکی نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی فنڈنگ منقطع کرنے اور رابطہ کاری میں کمی لانے کے باوجود قبرصی سمندری علاقے میں تیل اور گیس کی تلاش جاری رکھی جائے گی۔دوسری جانب یورپی یونین کے وزراء نے قبرص کی سمندری حدود میں ترکی کی جانب سے گیس کی تلاش کے لئے کھدائی پر انقرہ حکومت کے خلاف ابتدائی پابندیاں لگانے کی منظوری دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ترکی نے قبرصی علاقے میں تیل وگیس کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس تنازعے کی وجہ سے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ترکی کے ساتھ ایئر ٹرانسپورٹ کے جامع معاہدے پر جاری مذاکرات کو معطل کر دیا ہے۔ اس دوران ترکی نے قبرصی سمندر میں تین بحری جہاز روانہ کر دیے ہیں اور چوتھا جلد روانہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ترکی یورپی یونین کی رکن ریاست قبرص کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں رکھتا۔دریں اثنایورپی یونین کے وزراء نے قبرص کی سمندری حدود میں ترکی کی جانب سے گیس کی تلاش کے لئے کھدائی پر انقرہ حکومت کے خلاف ابتدائی پابندیاں لگانے کی منظوری دے دی ہے۔یورپی یونین کابینہ کے مطابق "ترکی نے غیر قانونی کھدائی جاری رکھی ہے جس کی وجہ سے فضائی نقل وحرکت کے معاہدے پر بات چیت روک دی گئی ہے جبکہ یورپین سرمایہ کاری بینک سے بھی ملک کو دئیے جانے والے قرضے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ یورپی یونین نے ترکی کے اقدامات کے نتیجےمیں 2020ء تک دئیے جانے والے 146 ملین یورو مالیت کے فنڈز بھی روک دئیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ کابینہ نے خبردار کیا کہ یورپی یونین کی ایگزیکٹوو برانچ ابھی مزید پابندیوں پر کام کر رہی ہے۔ترک بحریہ کے جنگی جہازوں کے کڑے پہرے میں ترک مزدور قبرص کی سمندری حدود کے اندر گیس کے لئے کھدائی میں مصروف ہیں۔یورپی یونین بار ہا قبرص کے قدرتی ذخائر پر ترک قبضے کی کوششوں کو قبرص کی خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔

تازہ ترین