• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی میں تند و تیز تقاریر، خواجہ آصف اور شہریار آفریدی میں لفظی جنگ

اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ سیل)قومی اسمبلی میں خواجہ آصف اور شہریار آفریدی میں لفظی جنگ‘تند و تیز تقاریریں کی گئیں، رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ این آر او لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، آخر تک جنگ لڑیں گے‘ بدترین انتقامی کارروائیاں موجودہ حکومت کی شناخت بن چکی،سزا دینے والا جج چلا گیا، نواز شریف ابھی جیل میں ہے‘نواز شریف کا نام مٹانے والے خود مٹ جائینگے ‘معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ پر ایف آئی آر مضحکہ خیز ہےجبکہ وزیرمملکت شہریارآفریدی کا کہنا تھاکہ راناثناءاللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں جو عدالت میں پیش کئے جائیں گے‘ہم مقدس گائے کا تاثر ختم کررہے ہیں ‘جان جاتی ہے توجائے کمپرومائز نہیں کروں گا۔منگل کوقومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے‘ایک سال میں 3 بجٹ پیش کئے گئے‘ جن صاحب نے بجٹ پیش کیا انہیں فوری نوازا گیا‘رانا ثنا اللہ پر ایف آئی آر مضحکہ خیز ہے‘بدترین انتقامی کارروائیاں موجودہ حکومت کی شناخت بن چکی ہیں،ہم کوئی بات کریں تو کہیں گے کہ این آر او مانگ رہے ہیں تاہم این آر او نہیں مانگ رہے، آخر تک یہ جنگ لڑیں گے‘ہم نے مشرف دور میں بھی جیلیں کاٹی ہیں، جیلیں کاٹنے کے بعد بھی آج ایوان میں ہوں اور دیکھیں مشرف کہاں ہے۔علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف تمام شواہدموجود ہیں جو عدالت میں پیش کئے جائیں گے‘ اگر کسی کے ذہن میں ہے کہ یہ ہم نے کیا، تو اللہ ہمیں سزا دیگا‘خواجہ آصف کو رب کی قسم ہے وہ راناء ثنا اللہ سے ان کی اولاد کی قسم لے کر پوچھیں یہ سامان کس کا ہے، ان کی آنکھیں سچ بتادیں گی‘ہم مقدس گائے کا تاثر ختم کررہے ہیں، جان جاتی ہے تو جائے ، کمپرومائز نہیں کروں گا‘رانا ثناء اللہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اس لیے ریمانڈ نہ لیا گیا‘جو بھی منشیات میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا،رانا ثناء اللہ عدالت سے کلیئر کروائیں‘تمام جماعتوں کے دروازے ہمارے لیے کھلے ہیں مگر جو بھی آئین قانون کی خلاف ورزی کرے گا اسے مثال بنا دیں گے۔

تازہ ترین