• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ بزدارلاہور میں برساتی پانی کا جائزہ لیتے رہے،گاڑی خودڈرائیو کی

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنےموسلادھاربارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،انہوں نے گاڑی خود ڈرائیو کی اور شملہ پہاڑی،بوہڑ والا چوک،مال روڈ، منٹگمری روڈ،لکشمی چوک،جی پی او چوک اوردیگر علاقوں میں شدیدبارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا ۔وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اوربچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اورانہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔وزیراعلیٰ نے اپنے دورے کے دوران شہریوں سے نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے سڑکوں پرپانی کھڑا ہونے کی شکایات کی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج اپنے عوام کی مشکلات کا خود جائزہ لینے نکلا ہوں اورانشاء اللہ انتظامیہ اورواسا حکام نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کریں گے۔اس موقع پرعثمان بزدار نے کہا کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے شہر میں پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔وزیراعلیٰ شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے بعدپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے دفتربھی پہنچ گئےاور مختلف سڑکوں پر پانی کی صورتحال کاکیمروں کے ذریعے معائنہ کیا اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کا بھی مشاہدہ کیا۔
تازہ ترین