• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا چیئرمین FBR نے معاون خصوصی بننے سے انکار کردیا؟

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دو ہفتوں میں دوسری بار ایف بی آر ٹیم کے ساتھ اپنی آج بدھ کو مجوزہ ملاقات منسوخ کر دی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے ادارے کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے صورتحال کو تکلیف دہ قرار دیا۔ ایک اور پیشرفت کے تحت چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے مالیات پر وزیراعظم کا خصوصی معاون بننے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ وہ اپنا موجودہ عہدہ زیادہ موثر اور مضبوط سمجھتے ہیں تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔ وہ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ رابطہ کرنے پر شبر زیدی نے اپنے حوالے سے مذکورہ پیشرفت پر بات کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ اس موضوع پر کسی اور وقت بات کریں گے، اس وقت ایف بی آر کے تحت جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ قانون کا ایسا نفاذ کیا جائے کہ کمرشل اور انڈسٹریل نان فائلرز بجلی اور گیس کنکشن لینے کے قابل نہ رہیں۔ دوسری جانب ایف بی آر میں کلیدی تبدیلیوں کا انتظار ہے جہاں بے یقینی پائی جاتی ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ حتمی ذہن بنا لے تاکہ افسران 5550 ارب روپے وصولیوں کے ہدف پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔ 

تازہ ترین