• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم کی جعلی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائیگا،ندیم افضل

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اداروں میں موجود برائیاں ایکسپوز ہوں گی تو چیزیں بہتر ہوں گی، جن وزراء نے جج ارشد ملک کا دفاع کیا وہ ذاتی حیثیت میں کیا ، ہمارا جج کے فعل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، جج ویڈیو کیس میں عدلیہ کو تفصیلی تحقیقات کرنی چاہئے،اٹھارہویں ترمیم میں ججز تقرری کا طریقہ کار بدلنے پر ن لیگ کیوں پیچھے ہٹ گئی تھی، گندم کی جعلی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق صدر سپریم کورٹ بار رشید اے رضوی اور ن لیگ کے رہنما برجیس طاہر بھی شریک تھے۔رشید اے رضوی نے کہا کہ جج ارشد ملک نے ایک جج کے کنڈکٹ سے انحراف کیا ہے، اعلیٰ عدلیہ کو جج ارشد ملک کیخلاف فوری کاررورائی کرنی چاہئے،ن لیگ کو جج ارشد ملک کیخلاف اپیلٹ کورٹ میں جانا چاہئے تھا، رانا ثناء اللہ کیخلاف اے این ایف کا کیس مشکوک ہے، پندرہ دن سے رانا ثناء اللہ کی ریکی ہورہی تھی تو چھاپے کے وقت مجسٹریٹ کو ساتھ رکھنے میں کیا حرج تھا۔برجیس طاہر نے کہا کہ جج ارشد ملک نے پوری عدلیہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے،قوم پوچھتی ہے کہ اب نواز شریف کو کیوں جیل میں رکھا گیا ہے،رانا ثناء اللہ کو ایوان میں آکر اپنا دفاع کرنے کا موقع ملنا چاہئے، عمران خان نے ہمیں جو کنٹینر دینا تھا وہ کہاں ہے۔وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نےکہا کہ اداروں میں موجود برائیاں ایکسپوز ہوں گی تو چیزیں بہتر ہوں گی، سیاستدان اور آمربھی مختلف ذرائع سے ایکسپوز ہوتے رہے ہیں، اس ملک میں ججوں کو فون کر کے فیصلے کروانے کی ٹیپس بھی سامنے آئیں، ریاستی اداروں میں سب سے زیادہ آئیڈیل عدلیہ کو ہونا چاہئے، عدلیہ آئیڈیل نہ ہو تو معاشرے قائم نہیں رہ سکتے۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ جن وزراء نے جج ارشد ملک کا دفاع کیا وہ ذاتی حیثیت میں کیا ، حکومت اور پارٹی کی پالیسی ان کے دفاع کرنے کی نہیں تھی، وزیراعظم سمیت اکثریت کی رائے تھی کہ ہمارا جج کے فعل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، جج ویڈیو کیس میں عدلیہ کو تفصیلی تحقیقات کرنی چاہئے۔
تازہ ترین