• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس کلیکشن ٹارگٹ، FBR نے فیلڈ آفسز کیلئے عملدرآمد منصوبہ بنا لیا

اسلام آباد (مہتاب حیدر) دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ جاری مالی سال کیلئے 5550 ارب روپے کے ٹیکس کلیکشن ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے پورے ملک میں فیلڈ آفسز کیلئے عملدرآمد منصوبہ بنا لیا ہے۔ بورڈکےہیڈ کوارٹرز کی جانب سے بنائے گئے اور متعلقہ ونگز سے شیئر کئے گئے عملدرآمد منصوبے کے مطابق جائیدادوں، تنخواہوں اور دیگر کیلئے ٹیکس ریٹس کیلئے ایف بی آر کو جاری مالی سال سے مکمل طور پر ٹیکسز اکٹھا کرنے کیلئے ودہولڈنگ ایجنٹس کو قابل بناکر اور سافٹ ویئر کو اپڈیٹ کرکے اپنے متعلقہ ونگز کو اپڈیٹ کرنا ہوگا۔ چھوٹے تاجروں کیلئے ساد ہ ٹیکسیشن نظام متعارف کرایا جائے گا اور سادہ سے طریقے جاری کئے جائیں گے اور آئی ٹی ونگ اس اسکیم کو فعال بنانے کیلئے فارمز/موڈیولز جاری کرے گا۔ نادرا کے ای سہولت مراکز کے ذریعے کاروباری رجسٹریشن اسکیم کیلئے فارمز تیار کئے جائیں گیں اور انہیں ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رکھا جائے گا۔ نان فائلرز کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی لیگل فریم ورک ترتیب دیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایف بی آر وضاحتی سرکولر جاری کرے گا۔ آٹومیٹڈ امپرسنل ٹیکس نظام کیلئے ایف بی آر کو اختیار دے دیا گیا ہے اور آگے بڑھنے کیلئے انتظامی سیٹ اپ درکار ہوگا۔ ایف بی آر کا پالیسی ونگ اس کے قوانین اور طریقے جاری کرے گا۔ بجٹ 2019-20 میں توانائی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ریٹ 15 فیصد بڑھا دئیے گئے ہیں۔ قرضے پر منافع پر ٹیکسیشن کو 10 سے بڑھا کر 15 فیصد کردیا گیا ہے اور ودہولڈنگ ایجنٹس کو اپنے سسٹمز اپڈیٹ کرنے کا کہنے کی ضرورت نہیں۔
تازہ ترین