• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، کئی شہروں میں موسلادھار بارش، لاہور پانی میں ڈوبا رہا، 2 افراد جاں بحق

لاہور،فیصل آباد (نمائندگان جنگ ، ایجنسی) لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شاہ کوٹ، فاروق آباد، قصورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش سےگلی محلے ندی نالے میں تبدیل ہوگئے ،لاہورمیں 17گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے پانی نے شہر کو ڈبودیا،سرکاری دفاتر، عدالتوں، اسپتالوں اسٹیڈیم میں پانی داخل ہوگیا، سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 250 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،محکمہ موسمیات نےلاہور میں کل (جمعرات) تک تیز بارشوں کے جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ لیسکو کے250 فیڈر ٹرپ کرجانےسے کئی علاقوں کو بجلی کی ترسیل گھنٹوں بند رہی۔ کاہنہ میں چھت گرنے سے کمسن بچی، فیروزوالا میں کرنٹ لگنے سے دکاندار جاں بحق ہوگیا، دیگر واقعات میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ۔ نشیبی علاقے زیر آب آنے سے گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے،کئی گھروں کی چھتیں گرنے، دیواروں میں دراڑیں پڑنے، پانی گھروں میں داخل ہونے سے غریب لوگوں کا قیمتی گھریلو سامان جن میں الیکٹرونکس، کپڑے، فرنیچر خراب ہوجانے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا، کئی دکانوں، گھروں میں کرنٹ آنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے، کھڑے پانی میں کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں، شہری پانی میں بند ہوجانے والی گاڑیوں کو دھکے لگاتے رہے۔گھنٹوں بجلی غائب رہنے پر شہری پینے کے پانی کی سپلائی سے بھی محروم رہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی رات تقریباً 2 بجے شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے اہم شاہراہیں پانی میں ڈوبی رہیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات نےلاہور میں کل (جمعرات) تک تیز بارشوں کے جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔این ڈی ایم اے نےایڈوائزری جاری کرتے ہوئے منگلا کے مقام پر بلندجبکہ دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کاخدشہ ظاہر کیا ہے۔

تازہ ترین