• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نےمہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئےشہباز شریف کیخلاف اسٹوری بنائی ،خواجہ آصف

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس منگل کو کمیٹی روم نمبر دو میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سابق سپیکر سردار ایاز صادق ،مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال،انجینئر خرم دستگیر، ترجمان مریم اور نگزیب، شیزہ خواجہ، زیب جعفر،مائزہ حمیداور اقلیتی رکن کھیل داس سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے مسلم لیگی اراکین کو اپوزیشن کی ریکوزیشن پر ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔خواجہ آصف نے بتایا کہ منشیات سمگلنگ کرنے کے الزام میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجا ب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پیغام بھجوایا ہے کہ ان کےلئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کےلئے پروڈکشن آرڈر نہ لیا جائے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کےلئے حکومت نے شہباز شریف کے خلاف سٹوری بنائی ہے، حکومت معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کےلئے شہباز شریف اور ان کے خاندان کو نشانہ بنارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان، مریم نواز کو ملنے والی عوامی پذیرائی سے خوفزدہ ہیں،صرف ایک جلسے نے ہی حکمرانوں کی نیند خراب کردی ہے۔ اجلاس کے بعد مسلم لیگ نون پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے حوالے سے ایک اعلامیہ جاری کیاگیا جس میں بتایا گیا ہےپاکستان مسلم لیگ نون نے مہنگائی ،بے روزگاری، معاشی بدحالی، سیاسی انتقام اور میڈیا پر قدغنوں کے خلاف قومی اسمبلی میں تحاریک التواءجمع کرادیں، جن میں کہا گیاہے کہ‎نالائق حکمرانوں نے ملک میں غیر منصفانہ اور ظالمانہ ٹیکسوں سے پورا پاکستان بند کر دیا،‎ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی عروج پر ہے جبکہ حکمران سیاسی انتقام میں مصروف ہیں۔تحریک التوا میں مزید کہا گیا ہے کہ‎سیاسی کارکنوں پر چیرہ دستیاں، بدترین انتقامی کاروائیاں، اداروں کو استعمال کرکے سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے جارہے ہی۔‎جبروتشدد کرانا موجودہ حکومت کی شناخت اور پہچان بن چکی ہے،‎گھنائونے اور مذموم انداز سے انصاف کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ جج ارشد ملک کی سامنے آنے والی وڈیو بین ثبوت ہے،‎وڈیو اور آڈیو نے پوری دنیا کو دکھادیاکہ ’نئے پاکستان ‘کے نام پر کیا دونمبری ہورہی ہے۔‎دبائو ڈال کر عوام کے تین مرتبہ منتخب وزیراعظم محمد نوازشریف کو سزا دی گئی اور قید رکھا گیاہے،‎وڈیو سامنے آنے کے بعد محمد نوازشریف کا جیل میں رہنا غیرقانونی ہے۔ ‎رانا ثناءاللہ کی جھوٹی مقدمے میں گرفتاری سیاسی انتقام کی ایک اور بدترین مثال ہے۔مشرف کے دور میں بھی اس طرح کی انتقامی کارروائیاں نہیں ہوتی تھیں ‎حکومت کی قابل مذمت، مذموم اور گھناؤنی سیاسی انتقامی کاروائیاں ناقابل قبول ہیں۔
تازہ ترین