• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم منا بھائی 3 کی شوٹنگ کا آغاز کب ہو گا؟

سنجو بابا کے نام سے مشہور بالی ووڈ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار سنجے دت کا کہنا ہے کہ میں بہت بے تابی سے فلم منّا بھائی ایم بی بی ایس کے سیکوئل ’منا بھائی3‘ کی شوٹنگ کا انتظار کر رہا ہوں۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت اپنی اگلی میراٹھی فلم ’ بابا‘ کے ٹریلر لانچنگ کے لیے اپنی اہلیہ مانیتا دت سمیت ممبئی پہنچے، میڈیا کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں سنجے دت نے کہا کہ ’میں بہت بے چینی سے فلم منّا بھائی 3 کی شوٹنگ شروع ہونے کا انتظار کر رہا ہوں، میں دعا کر رہا ہوں کہ جلدی شروع ہو، مگر فلم کے سیکوئل پر کام کب شروع ہوگا یہ تو بس فلم کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی ہی بتا سکتے ہیں۔‘


سنجو بابا نے رپورٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ لوگوں کو معلوم ہو کہ شوٹنگ کب شروع ہو رہی ہے تو مجھے بھی بتائیےگا۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سنجے دت نے کہا کہ وہ اب مستقبل میں ہالی ووڈ اداکار میل جبسن اور ڈینزیل واشنگٹن کی طرح سنجیدہ اور بڑےکردار ادا کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اب درختوں کے گرد ڈانس اور فلموں میں ہیروئنوں کے ساتھ رومانس نہیں کر سکتا ۔

1981 میں فلم ’روکی‘ سے اپنے کیرئر کا آغاز کرنے والے سنجو بابا نے کہا کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں میرا ابھی تک کا بہت طویل اور خوبصورت سفررہا، میں نے بڑے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا اور بہت کچھ سیکھا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ہدایتکار راج کمار ہیرانی کے خلاف جنسی ہراسانی کی رپورٹس کے بعد سے فلم منّا بھائی3 کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق جب تک راج کمار ہیرانی کو ان افواہوں سے کلین چٹ نہیں مل جاتی فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار رہے گی۔

تازہ ترین