• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیگم صفدر جی ٹی روڈ کے ٹریفک کا سہارا لینا چاہتی ہیں: فردوس عاشق

اطلاعات کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ منڈی بہاء الدین کی کارنر میٹنگ اور ورکرز کنونشنز کی ناکامی کے بعد بیگم صفدر اعوان جی ٹی روڈ کے ٹریفک کا سہارا لینا چاہتی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عوام نےلٹیروں کو مسترد کر دیا ہے، منہ میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہونے والے جدوجہد نہیں صرف جعلسازی کر سکتے ہیں۔

فردوس عاشق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں، اُن کی عوامی مقبولیت سے حسد اور بغض رکھنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے، اب نہ پٹواری ماتحت ہیں اور نہ ہی تھانیدار۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہی تکلیف کھائے جا رہی ہے کہ قانون اُن سے بالا تر کیسے ہو گیا؟ عوام نے لٹیروں کو مسترد کر کے وطن کی امانت اس قیادت کے سپرد کی جو پاکستان کو خوش حالی اور روشن مستقبل کی راہ پر گامزن کرے گی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ انہیں عوام کا نہیں صرف اپنے اقتدار کی محرومی کا درد ہے، خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے نئے پاکستان میں پہلی دفعہ قانون کے یکساں اطلاق سے بے بس ہوئے ہیں۔

تازہ ترین