• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان،طالبان حملے میں21 افغان کمانڈوز ہلاک

کابل (جنگ نیوز )افغانستان کے جنوبی حصے میں طالبان کے حملےمیں 21افغان کمانڈوز ہلاک ہوگئے۔ دوسری طرف افغان طالبان نے وردک صوبے میں سویڈن کے امدادی گروپ سویڈش کمیٹی برائے افغانستان کے قائم ہیلتھ مراکز بند کروا دیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صوبائی گورنر عبدالغفور ملکزئی نے بتایا کہ طالبان نے اسپیشل فورسز کے اہلکاروں پر گھات لگا کر صوبہ بادغیس کے ضلع ابکماری میں حملہ کیا۔صوبائی گورنر نے بتایا کہ دیگر سیکیورٹی فورسز سے رابطہ کیے بغیر ہی افغان کمانڈوز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مذکورہ ضلع میں اتار گیا۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے کمانڈوز کو گھیرے میں لے لیا اور چند گھنٹے تک لڑائی جاری رہی۔عبدالغفور ملکزئی نے بتایا کہ بدقسمتی سے 21کمانڈوز ہلاک ہوئے اور دیگر پکڑلیے گئے۔ دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے واقعہ سے متعلق تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔بادغیس کے صوبائی قونصل کے سربراہ عبدالعزیز نے بتایا کہ طالبان کے حملے میں 29افغان کمانڈوز ہلاک ہوئے جبکہ دیگر زندہ پکڑے گئے کمانڈوز کو قتل کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ گوہر سے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے تقریباً 40کمانڈوز کو صوبہ بادغیس میں آپریشن کے لیے اتارا گیا لیکن جیسے ہی انہیں اتارا گیا تو طالبان نے حملہ کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’بعدازاں صرف 11کمانڈوز کو بچالیا گیا‘۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئےدعویٰ کیا کہ 30افغان کمانڈوز کو ہلاک کیا۔دریں اثنا افغان طالبان نے وردک صوبے میں سویڈن کے امدادی گروپ سویڈش کمیٹی برائے افغانستان کے قائم ہیلتھ مراکز بند کروا دیے ہیں۔ سویڈش کمیٹی نے تصدیق کی کہ طالبان کی ہدایت کے بعد اس صوبے کے ستر میں سے بیالیس سینٹرز بند کر دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین