• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیر خوراک کے پشاورکی مختلف مارکیٹوں پر چھاپے

پشاور ( نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ مصنوعی گرانی اور کم وزن کے ساتھ اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والے دکانداروں کیخلاف سخت سے سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پشاور صدر کی مختلف مارکیٹوں میں اچانک چھاپے کے دوران میڈیا کے نمائندوں اور دکانداروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر محکمہ خوراک سعادت حسن اوراور راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر سمیت دیگر متعلقہ عملہ کے ہمراہ نوتھیہ اور خیبر مارکیٹ پشاور سمیت متعدد علاقوں میں واقع نانبائی، سبزی اور چکن کی دکانوں پر اچانک چھاپے کے دوران روٹی کا وزن اور نر خ چیک کئے اور متعدد دکانوں پر اشیا خورد ونوش کے معیارکا معائنہ کیا اس دوران صوبائی وزیر نے نرخ نامہ نہ رکھنے والے سبزی فروشوں، چکن اور گوشت کی دکانوں پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی جسکی روشنی میں تین دکانداروں کو جیل بھجوا دیا گیا جبکہ متعدد پر جرمانوں کے ساتھ انہیں آئندہ احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ بازاروں کے مسلسل چھاپے جاری رکھیں اور کسی کو من مانی کی اجازت ہر گزنہ دیں۔ انھوں نے تنبیہ کی کہ پہلے سے ذبح کی گئی مرغیوں کو فراخت کرنے کے عمل کا تدارک کیا جائے اور گوشت سمیت دیگر غذائی اجناس کو ڈھانپ کررکھا جائے تاکہ حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری ہو۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں گرانفروشی کے خلاف یہ مہم پورے زور و شور سے جاری رکھی جائے گی اور اس کی کامیابی کے لیے عوام کو بھی محکمہ خواراک کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔
تازہ ترین