وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کی عملداری رنگ پکڑتی ہے تو ان کے چہرے زرد پڑجاتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی خواہش تھی، وہ بار بار نیب کو بلاکر کہہ رہے تھے کہ مجھے گرفتار کیوں نہیں کرتے۔
معاون خصوصی نے شاہد خاقان کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نیب سے جو فرار حاصل کیا ہوا تھا، اس کی بدولت آپ کی دلی خواہش پوری ہوئی، وزیراعظم پاکستان کا صرف اتنا جرم ہے کہ انہوں نے ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو لوگ قانون کو تابع رکھتے تھے، آج وہ قانون کے تابع آرہےہیں، ملک میں عدالتیں آزاد اور ادارے بااختیار ہیں، جس کی ڈاڑھی میں تنکا ہے اُسے یقیناً ضمیر کی عدالت میں پریشانی اور اضطراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب علی عمران کو پوری قوم کا داماد ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔