• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ میں گندگی اور جرائم کے خلاف ’’پاکستان نژاد‘‘ خاتون کی آگاہی مہم

بریڈفورڈ(عبیدالرحمن مغل)بریڈفورڈ میں بڑھتی ہوئی گندگی اور سماجی جرائم کے خاتمے کے لئے پاکستان نژاد خاتون انایہ سحر میدان میں آگئیں۔ انایہ سحر نے بریڈفورڈ فار بیٹر نامی ایک گروپ قائم کیا ہے جس کا مقصد نہ صرف شہر میں موجود گندگی کو اپنی مدد آپ کے تحت صاف کرنا ہے بلکہ منشیات کی ترسیل اور تیز رفتار ڈرائیونگ کے خلاف آگاہی پیدا کرنا بھی۔انایہ سحر کی جانب سے قائم کئے گئے گروپ میں ممبر آف پارلیمنٹ ناز شاہ اور عمران حسین سمیت متعدد کونسلر بھی شامل ہوچکے ہیں۔انایہ کا کہنا ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا نہ صرف ہماری صحت کے لئے ضروری ہے بلکہ ہماری پاکستانی اور مسلم شناخت کے لئِے بھی یہ بہت ضروری ہے۔ شہر کی صفائی کی مہم کے لئے گروپ شہر کے متعدد تاجروں سے بھی تعاون حاصل کرلیا ہے جس کے تحت مختلف مقامات پر بڑے بڑے بن رکھ کر گندگی کو جمع کیا جارہا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کچرا صرف بن کے اندر ہی پھینکیں شہر میں ہونے والے ایک مظاہرے میں ممبر آف پارلیمنٹ ناز شاہ نے بھی شرکت کی اور گروپ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انایہ سحر کا کہنا تھا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہم سب کو مل کر ہی اسے صاف رکھناہوگا۔

تازہ ترین