• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نرسز کی وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس کا لاٹھی چارج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ نرسنگ الائنس کے احتجاجی مظاہرین نے جمعرات کو کراچی پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا اور 5رہنمائوں کو حراست میں لے لیا جنہیں بعد ازاں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر رہا کردیاگیا،مظاہرین کو مشیر اطلاعات سندھ نے چوبیس گھنٹوں میں مطالبات سے متعلق نوٹی فکیشن کی یقین دہانی کرائی تو مظاہرین واپس پریس کلب آگئے تاہم نوٹی فکیشن کے اجراء تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔تفصیلات کے مطابق سرکاری اسپتالوں کے نرسز گزشتہ 14 روز سے اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں اور طبی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کرکے کراچی پریس کلب کے باہر دھرنا دیا ہوا۔ مظاہرین نے جمعرات کو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب پیش قدمی کی تو ریڈ زون میں داخل ہونے پر پولیس نے مظاہرین کو پہلے روکنے کی کوشش کی او ر مظاہرین کے آگے بڑھے تو ان کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی جنھیں روکنے کے لیے پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا جبکہ پانچ نرسز رہنماوں کو گرفتار بھی کرلیا ، پولیس نےمظاہرین کوپی آئی ڈی سی ٹریفک پولیس چوکی کےسامنے روک دیا اور ٹریفک کو شاہین کمپلکس سے ایم آر کیانی روڈ اور سلطان آباد کی جانب موڑ دیا۔ اس واقعے کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیا۔تاہم وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر نرسز رہنماوں کو رہا کردیا گیا،دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نرسز کے معاملات کو سیاسی رنگ دینا چاہتی ہے جو افسوسناک عمل ہے۔
تازہ ترین