• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسراسابق وزیراعظم گرفتار، LNG اسکینڈل میں شاہدخاقان کی گرفتاری،مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی PSO کے گھروں پر چھاپے، سابق سیکریٹری پٹرولیم وعدہ معاف گواہ

لاہور،کراچی(نمائندگان جنگ، مانیٹر نگ سیل) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی اسکینڈل میںگرفتار کرلیا،شاہد خاقان پر قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، نیب نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کردیاہے،سابق سیکریٹری پیٹرولیم عابد سعید وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، مفتاح اسماعیل اورسابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی گرفتاری کیلئے چھاپے، تاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی، وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان کوان کی خواہش پر گرفتار کیاگیا،شہباز شریف کے چہرے کا اڑتا رنگ بتارہا تھاکہ قانون اپنا رنگ دکھا رہاہے۔وزیرداخلہ اعجاز شاہ کاکہناہےکہ وزیراعظم وہ کام ضرور کرینگے جو ملکی مفاد میں ہو، پاکستان کی پالیسی میں واضح تبدیلی آئی ہے، جس نے جو کیاوہ ضرور بھگتے گا۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہےکہ جو زیادہ چیخ رہا ہے اسی کی اگلی باری، ایل این جی کیس میں ابھی بہت گرفتاریاں ہونگی،90روز میں بڑے فیصلے ہونگے۔ فیاض الحسن چوہان نےکہاہےکہ گرفتاری پر شہباز شریف کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ تفصیلات کےمطابق نیب نے شاہد خاقان عباسی کو گزشتہ روز ایل این جی کیس میں طلب کررکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا،شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جارہے تھے، نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں نیب حکام انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کرکے ساتھ لے گئے جبکہ نیب ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید کے وعدہ معاف گواہ بننے پر شاہد خاقان کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا، شاہد خاقان عباسی کےخلاف تحقیقات گزشتہ روز ہی مکمل کرلی گئی تھیں،نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو کچھ دیر لاہور کے دفتر میں رکھا جس کے بعد انہیں ایک ٹیم اسلام آباد لے کر روانہ ہوگئی جہاں انہیں آج ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کا نیب میں پیش نہ ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مفتاح اسماعیل، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کردیے جس کے بعد نیب کراچی کی ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے گھر پر چھاپہ مارا۔ذرائع کے مطابق نیب اہلکار مفتاح اسماعیل گھر میں داخل ہوئے تاہم سابق مشیر خزانہ گھر پر موجود نہیں تھے جب کہ ان کا نمبر بھی بند جارہا تھا۔ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلیے آنے والی نیب کی ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

تازہ ترین