• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالم خان روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن، پرندوں کے پنجروں سمیت سامان ضبط

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے عملے نے کالج روڈ سے ملحقہ عالم خان روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر رکھا سامان قبضے میں لے لیا، اس پوری سڑک پر پرندے، مچھلیاں اور طرح طرح کے جانور فروخت کرنے والے دکاندار و ں نے اپنی دکانوں سے زیادہ سامان فٹ پاتھ اور سڑکوں پر رکھا ہوتا ہے جس سے ٹریفک بلاک اور پیدل چلنا بھی ممکن نہیں ہوتا، گزشتہ روز کارپوریشن کے انسپکٹر ذکاء حیدر شاہ کی نگرانی میں عملے نے پنجروں سمیت سڑک پر رکھا سامان قبضے میں لے لیا۔ ادھر راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی تجاوزات نے پورے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم کر رکھا ہے اکثر تاجروں نے دکانوں کے سامنے فٹ پاتھ کرائے پر دے رکھے ہیں جبکہ بیشتر دکاندار خود فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قابض ہیں ملی بھگت کے نتیجے میں ہونے والی اس لاقانونیت کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک بلاک رہنا تقریباً معمول بن چکا ہے، شہریوں نے وزیراعلٰی پنجاب اور دیگر ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ اقبال روڈ، سٹی صدر روڈ، راجہ بازار، جامع مسجد روڈ، کمرشل مارکیٹ، صادق آباد، سرکلر روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کیخلاف بلاتخصیص کارروائی کی جائے۔
تازہ ترین