آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
پیر 17؍ذوالحجہ 1440ھ 19؍اگست 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کے لیے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئیں، روانگی کے وقت پارٹی کارکنان جاتی امرا میں جمع ہوگئے، قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ 

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پر مریم نواز کو آج عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔ فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں۔

نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کر کے عدالت کو گمراہ کیا تھا، عدالت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو اس جرم میں بھی سزا سنائے۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد مریم نواز کو 19 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

اس سے قبل یہی عدالت ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی معاونت پر مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنا چکی ہے۔

نیب سے تفتیش میں عدم تعاون پر ایک سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

نیب کے مطابق مریم نواز کو جعلی دستاویزات پیش کرنے کے جرم میں سزا نہیں سنائی گئی، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے اس جرم میں الگ سزا سنائے۔

مریم نواز کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید