• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ٹیم’گسٹاپو‘ بن چکی ہے، مرتضیٰ وہاب

مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کی میانوالی میں تقریر پر  ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی اردو پر تنقید ’کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘ جیسا ہے، انیل مسرت کا بلاول بھٹو سے موازنہ وزیراعظم کی بدحواسی ہے۔

ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم سیاست کے نام پر ’گسٹاپو‘ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے منہ سے صرف چند الفاظ ہی نکلتے ہیں، دیوالیہ، انتقام اور تبدیلی۔

مشیر اطلاعات نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب، یہ احتساب نہیں سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی حکومت کی نالائقی کا ملبہ ’کرپشن‘ پر ڈال کر بچنا چاہتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم کے ذہن پر صرف جیل، قید، گرفتاری اور پھانسی سوار ہے، وہ ملکی معیشت کو تباہ کرکے شکست تسلیم کرنے کے بجائے دھمکی آمیز زبان استعمال کررہے ہیں اور اب عوامی محاسبے سے بچنے کے لیے سرکاری خزانے سے جلسے جلوس کررہے ہیں۔


تازہ ترین