• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر میں غیرقانونی تارکین وطن کی تلاش کیلئے کارروائی

مانچسٹر(خورشید حمید) پولیس ’ امیگریشن انفورسمنٹ ’ بارڈر فورس’مانچسٹر سٹی کونسل’ ڈرون یونٹ’ نارتھ ویسٹ ریجنل آرگنائزڈ کرائم یونٹ اوردیگر محکموں کے حکام نے مشترکہ کاروائی میں چھاپہ مار کرآج علیٰ الصباح مانچسٹر کے لارنس ہاؤس کو بند کر دیا -اس کارروائی میں نوے افسروں نے حصہ لیا - یادرہے کہ انٹیلی جنس کی رپورٹس کے مطابق لارنس ہاؤس میں غیر قانونی تارکین وطن کو رکھا گیا تھا جن سے غلامانہ لیبر کروا کر اعلیٰ برانڈوں کے نقلی فٹ وئیر اور سپورٹس کی مصنوعات تیار کروائی جاتی تھیں -لارنس ہاؤس کی بلڈنگ سات سو سکوائر فٹ کے وسیع رقبہ پر مشتمل ہے اس لئے اتنی بڑی تعداد میں افسران کو تعینات کیاگیا -برٹش ریڈ کراس کا عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا تاکہ چھاپے کے دوران زبردستی کام پر لگائے گئے افراد کو اخلاقی امداد کے علاوہ کپڑے اور ریفریشمنٹ فراہم کر سکے - یادرہے کہ برٹش ریڈ کراس ایسے لوگوں کوبرطانیہ اور عالمی سطح پر امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے -جب چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے کوئی بھی شخص ایسا نہ ملا جو بیگار نہ کاٹ رہا تھا تاہم اس جگہ سے وسیع پیمانے پرجعلی مصنوعات برآمد ہوئیں جن کی پرچون قیمت کئی ملین پونڈوں پر مشتمل ہے - ڈی آئی جیمی پیرسن نے کہا ہے کہ گو ہمیں کوئی ایسا شخص تو نہیں ملا جس سے زبردستی بیگار لی جاتی ہو لیکن ہمیں بہت بڑے پیمانے پر غیر قانونی اشیاءملیں جو ہم نےقبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے -انہوں نے کہا کہ وارنٹ ایسی کارروائیوں سے نمٹنے کے لئے ملٹی ایجنسیوں کا پہلا قدم ہے - اس آپریشن کا نام آپریشن میگپائی ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ انسانوں کو جبری مزدوری سے روکا جائے اور اس بیخ کنی کی جائے - یہ چیتھم ہل اور سٹرینج وے میں ہونے والا ایک بڑا آپریشن تھا -ہم جدید غلامی کو روکنے کے لئے ایسے چھاپے مارتے رہیں گے اور ہمارا زیادہ تر ہدف چیتھم ہل اور سٹرینج وے کے علاوے ہوں گے تاکہ ہم ملزمان کو پکڑ کر سزاد ے سکیں -دریں اثناءمانچسٹر سٹی کونسل کی نیبر ہڈ کمیٹی کے ایگزیکٹو رکن کونسلر ربنواز اکبر نے کہا کہ غلامانہ لیبر ایک بہت بڑا جرم ہے اور اس آپریشن کے ذریعے ایسا کرنے والوں کو یہ پیغا م پہنچ گیا ہے ایسا کر کے وہ اچھا نہیں کر رہے -اعلیٰ برانڈ کی چیزین سستے داموں خریدنے والے لوگ دراصل مجرمانہ کاروائیاں کرنے والوں کے ہاتھوں میں اپنا پیسہ دیتے ہیں جو غلط اقدام ہے -ایسی انڈسٹری نہ صرف ہیومن ٹریفکنگ ’ ڈرگ ڈیلنگ ’ مارڈن غلامی اور دیگر غیرقانونی کاموں میں استعمال ہوتی ہے بلکہ یہ انسانیت کے لئے ایک لعنت کا درجہ رکھتی ہے - مانچسٹر سٹی کونسل ایسے کاموں کو روکنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے -
تازہ ترین