• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سچن ٹنڈولکر اور ایلن ڈونلڈ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

لندن (جنگ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر ، جنوبی افریقا کے ایلن ڈونلڈ اور آسٹریلین خاتون کرکٹر کیتھرین فٹس پیٹرک کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا ہے۔ لندن میں آئی سی سی کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران سابق کرکٹرز کو اعزازی کیپ اور یادگاری اسناد دی گئیں۔ بشن سنگھ بیدی، کپل دیو، سنیل گواسکر، انیل کمبلے اور راہول ڈریوڈ کے بعد ٹنڈولکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے بھارتی کرکٹر ہیں۔ ہال آف فیم میں شامل ہونے کے لیے کھلاڑی کی ریٹائرمنٹ کو کم سے کم پانچ سال کا عرصہ ہونا ضروری ہے۔ سچن ٹنڈولکرکو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 200 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی اور 51 سنچریوں اور 68 نصف سنچریوں کی بدولت 15 ہزار 921 رنز بنائے۔ ٹنڈولکر نے 463 ایک روزہ میچز میں 18 ہزار 426 رنز بنائے جس میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ایلن ڈونلڈ نے 2004 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور وہ جنوبی افریقا کے پہلے بولر تھے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 اور ون ڈے میں 200 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین