• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوین بورڈ پر پابندی،کیریئر تباہ ہونے کا خدشہ،کرکٹرز مایوس

ہرارے ( ایجنسیاں ) پاکستانی نژاد زمبابوین کرکٹر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ ایک فیصلے کی وجہ سے ٹیم عالمی کرکٹ میں اجنبی بن کر رہ گئی اور کرکٹرز بے روزگار ہوگئے ہیں۔ کیا اب اپنی کرکٹ کو آگ لگاکر روزگار کی تلاش شروع کردوں۔ مستقبل تاریک نظر آنے لگا ہے۔ سیالکوٹ سے آبائی تعلق رکھنے والے 33 سالہ زمبابوین آل رائونڈر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ ایک فیصلہ کس طرح کھلاڑیوں کے کیریئر تباہ اور اتنے زیادہ خاندانوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنے کیریئر کو اس انداز میں خیرباد کہنا پڑے گا۔ صورت حال اس وقت سے زیادہ افسوسناک ہے جب ہم ورلڈکپ کوالیفائرز میں یو اے ای سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے تھے۔ میرے تمام ساتھی پلیئرز کا بھی یہی حال ہے۔ ہم سب مستقبل کے حوالے سے خدشات میں مبتلا ہیں۔ زمبابوے کو ستمبر میں بنگلہ دیش میں سہ فریقی ٹی 20سیریز اور اکتوبر میں ورلڈٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کرنا تھی جو پابندی کے سبب اس ممکن نہیں ہوگی۔ سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن ٹیلر نے کہا کہ کھیل کے ساتھ لگائو رکھنے والے سینکڑوں کرکٹرز، سپورٹ اسٹاف اور گرائونڈز میں کام کرنے والے دیگر افراد بے روزگار ہوگئے، آئی سی سی کے فیصلے نے دل توڑدیئے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے زمبابوے کرکٹ کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔معطلی کے بعد آئی سی سی کی جانب سے زمبابوے کی فنڈنگ منجمد کردی جائے گی۔کونسل نے حکم دیا کہ زمبابوے کرکٹ کے منتخب آفیشلز کو3 ماہ کے اندر بحال کیا جائے، اس معاملے کا مزید جائزہ اکتوبر کی بورڈ میٹنگ میں لیا جائے گا۔
تازہ ترین