• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

K-4 منصوبے میں کرپشن اور نااہلی کا تعین نیب سے کرایا جائے، حافظ نعیم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ K-4منصوبے میں اب تک ہونے والے کام میں کرپشن اور نااہلی کے تعین کے لیے یہ معاملہ نیب کے حوالے کیا جائے یا جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ، اگر ایک ہفتے میں ایسا نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی خود نیب سے رجوع کرے گی ،وفاقی ، صوبائی اور شہری حکومت تینوں پانی کے مسئلے پر سنجیدہ اقدامات کریں ، عوام کوکوئی کہانی نہیں پانی چاہیئے ، کراچی کے پانی کے لیے بہت جلد وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ دفتر کے سامنے شاہراہ فیصل پر ’’عوامی پریس کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اورجنید مکاتی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے آئے پانی سے محروم شہریوں اور یوسی چیئرمین نے اپنے علاقوں میں پانی کی قلت اور مسائل سے آگاہ کیا ۔پریس کانفرنس کے موقع پر شہریوں نے خالی مٹکے ، خالی بالٹیاں اور پانی کی خالی بوتلیں اور نلکے ،بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے انہوں نے مطالبہ کیا کہ 65MGDپانی جو پہلے سے منظور شدہ ہے اور دھابیجی سے پپری تک لائن ڈالنی ہے اس کو اگلے 6ماہ میں مکمل کیا جائے۔ 116MGD پانی ضائع ہو رہا ہے اس ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں 650ایم جی ڈی پانی K4سے آناہے لیکن حکومت سندھ نے صرف 400کیوسک کی منظوری دی ہے بقیہ 800کیوسک کی منظوری بھی فوری دی جائے، سیوریج کا منصوبہS-3فوری مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔حافظ نعیم نے کہاکہ کراچی سمندر کے کنارے میں ہے ،دریائے سندھ اور کینجھر جھیل بھی قریب ہیں ، حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے باعث کراچی کی اکثریت آبادی پانی سے محروم ہے ۔

تازہ ترین