• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ مواد کا خاتمہ، پالیسی طے کرنے کیلئے متعلقہ ادارے پارلیمانی کمیٹی میں طلب

اسلام آباد(طاہر خلیل)سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خاتمہ کی پالیسی طے کرنے کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا ہے جبکہ کمیٹی نے پی ٹی ایم کیساتھ مکالمہ جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے تشکیل دی گئی سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کی زیرصدارت ہوا،کمیٹی نے سوشل میڈیا اور مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بنی کریمؐ،صحابہ کرام کی شان اور دیگر الہامی مذاہب کے بارے میں گستاخانہ مواد کی اشاعت کی سخت مذمت کی اور کہا کہ کوئی بھی مذہب یا عقیدہ اسکی اجازت نہیں دیتا ، بیرسٹر سیف نے کہا کمیٹی کو تشویش ہے کہ اس طرح کے واقعات زور پکڑ رہے ہیں اور اس سلسلے میں مناسب پالیسی کا ہونا ضروری ہے ،انہوں نے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا ہے تاکہ ایسی ویب سائٹس کو بلاک کیا جائے اور ان افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جوبنی کریمؐ ،صحابہ کرام کی شان، الہامی مذاہب اور عقائد کا مذاق اڑاتے ہیں، کمیٹی کے اب تک 7 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جس میں پی ٹی ایم قیادت کیساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیرستان قومی جرگہ کے نمائندوں کیساتھ بھی ملاقات ہوئی اور کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مذاکرات اور گفت وشنید کا عمل جاری رکھے گی ،بیرسٹر سیف نے کمیٹی کو اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی آگاہ کیااور کہا کہ کمیٹی صوبائی حکومت ، گورنر خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ اداروں کیساتھ بھی رابطہ کریگی تاکہ ان معاملات پر پیشرفت ہو سکے ،اراکین نے بیرسٹر سیف کے نقطہ نظر کی حمایت کی اور کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، جن طبقات کو محرومیوں کا سامنا ہے انکے مسائل کا حل مل جل کر ہی تلاش کیا جاسکتا ہے ،بیرسٹر سیف نے کہا کہ کمیٹی مشاورت کیساتھ ان مسائل کو زیر بحث لائے گی اور انکے حل کیلئے کوششیں کی جائیں گی ۔
تازہ ترین