• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کے 20ہزار 1سو 74پلاٹس کی قرعہ اندازی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی اے کی تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کے 20 ہزار 1 سو 74 پلاٹس کی قرعہ اندازی،وزیر بلدیات سندھ اور چیئرمین ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ شہر سے غیر قانونی تعمیرات اور قبضے اسی صورت ختم ہوسکتے ہیں، جب ہم عوام کو قانونی طور پر ان کے مکانات بنانے کے لئے وسائل فراہم کریں گے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ماضی میں تجربات بہتر نہ ہونے کے باعث تیسر ٹائون اسکیم 45 کے اعلان کے بعدسے عوامی تحفظات رہے لیکن ہم نے عوام کو اعتماد میں لیا اور خوشی ہے کہ مذکورہ اسکیم میں 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد لوگوں نے پلاٹوں کیلئے فارم جمع کروائے۔ ایل ڈی اے سمیت مختلف رہائشی اسکیموں کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھا جارہا ہے اور جلد ہی ہم ان تمام اتھارٹیز کے مسائل کو حل کرکے عوام کو سستی اور آسان اقساط کی رہائش فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں ایم ڈی اے کی تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کے 20 ہزار 1 سو 74 پلاٹس کی قرعہ اندازی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل، آباد کے چیئرمین حسن بخشی،ڈائریکٹر لینڈ ایم ڈی اے ایوب فاضلانی اور دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی ظفر احسان، کے ڈی اے کے ڈی جی عبدالقدیر منگی،ڈی سی ویسٹ زاہد میمن سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ایم ڈی اے کی مذکورہ اسکیم کے اعلان کے بعد ہمیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ ایم ڈی اے کی ماضی کی اسکیموں کا ٹریک ریکارڈ کچھ اچھا نہیں رہا تھا لیکن ہم نے عوام کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ اسکیم کے ساتھ ساتھ ماضی کی اسکیموں میں بھی ترقیاتی کاموں کو آئندہ تین سال میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اس یقین دہانی کے بعد عوام کی جانب سے ہمیں مثبت ردعمل ملا اور اس اسکیم کے 20 ہزار سے زائد پلاٹس کے لئے ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد عوام نے فارم پر کئے۔
تازہ ترین