• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللہ سے وعدہ کیا تھا سب کرپٹ جیل جائیں گے، چین نے ترقی کیلئے یہی کیا، عمران خان

میانوالی(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہاہےکہ انکشاف کیاہے کہ بیرون ملک سے سفارشیں آرہی ہیں ‘ جو مرضی دھمکیاں دینی ہیں‘ ڈرامے کرنے ہیں‘ جو مرضی کرلیں احتساب نہیں رکے گا‘اللہ سے وعدہ کیا تھا ایک موقع ملے تو ملک کو لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا‘تمام کرپٹ لوگ جیل جائیں گے ‘ بڑا شور مچا ہے کہ فلاں پکڑا گیا اور فلاں کو پکڑا جارہاہے‘جب تک احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا‘ملکی ترقی کیلئے چین کی طرح 450 وزیروں کو جیل بھیجنا ہوگا‘ چینی صدر نے بھی یہی کیاتھا‘تین دفعہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ رہنے والوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا اور کہتے ہیں جواب نہیں دیں گے، جواب ہم لیں گے اور قوم لے گی ‘ہم نے اداروں کو آزاد چھوڑدیا ہے وہ جس کو چاہیں کرپشن میں پکڑیں‘کرپشن اور منی لانڈرنگ ہوگی تو ڈالر اوپر جائے گا، ہم کرپشن ختم کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور کسی صورت احتساب کے عمل پر سمجھوتا نہیں کریں گے‘بے نامی جائیدادیں ضبط ‘لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے‘اب حالات سنبھلتے جارہے ہیں، آپ دیکھیں گے پاکستان اوپر جائیگا۔ وہ جمعہ کو نمل انسٹی ٹیوٹ میں اسپتال کے سنگ بنیاد اورمیانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اسپتال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اسپتال کی تعمیر میں ممتاز کاروباری شخصیت انیل مسرت کی مالی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا‘وزیراعظم نے انیل مسرت سے مکالمہ کیا اور چیئرمین پیپلزپارٹی پر ہلکی پھلکی تنقید کی انہوں نے کہا کہ انیل مسرت کہتے ہیں ان کی اردو اچھی نہیں تاہم ان کی اردو بلاول بھٹو زرداری سے بہتر ہے‘انہوںنے کہاکہ چین کی ترقی کی ایک وجہ کرپشن پر ساڑھے چارسو وزیروں کو جیل میں ڈالنا بھی ہے۔اس وقت بھی پنجاب میں تین میٹرو بس پروجیکٹ چل رہے ہیں جو 12 ارب سالانہ خسارے میں ہیں‘ وزیر اعظم نے کہاکہ انیل مسرت سے پوچھیں پہلے کیوں پاکستان نہیں آتے تھے، سب کہیں گے کہ ہم کرپشن کی وجہ سے پہلے پاکستان نہیں آتے تھے‘اورسیز پاکستانیز سے پوچھیں کیوں پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرتے تھے جواب ملتا ہے کہ وہاں کرپشن تھی‘ملک کے اندر ایسا کیا کام کیا گیا کہ 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرض چڑھا‘ یہ پیسہ جن کی جیبوں میں گیا جب تک ان کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا‘یہ بڑی دھمکیاں دیتے ہیں‘ میں 22سال سے موقع کا انتظار کررہا تھا‘اللہ سے وعدہ کیا تھا ایک موقع ملے، ملک کا پیسے کھانے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، ان حالات کے ذمہ دار لوگوں کا جب تک احتساب نہیں ہوگا یہ چوری نہیں رکے گی‘آج تک ملک میں احتساب صرف پٹواری، تھانیدار اور غریب شخص کا ہوا ہے‘پہلی مرتبہ طاقتور شخصیات پر ہاتھ ڈالا گیا ہے‘ بیرون ممالک سے سفارشیں کرانے یا دھمکیوں کے باوجود احتساب کا عمل نہیں رکے گا‘یہ کہتے ہیں انتقامی کارروائی ہے، انتقامی کارروائی تو میرے خلاف ہوئی تھی‘میں نے ان کیسز کا عدالت میں سامنا کیا، عدالت میں دستاویزات دیں اور اس کے بعد عدالت نے مجھے صادق اور امین کہا۔شور کرنے والے لوگ بتائیں کہ جب ان سے دستاویزات مانگیں تو انہوں نے قطری خط پیش کیا جو فراڈ تھا، پھر کیلیبری فونٹ سامنے آیا جو جعلی تھا۔ ان لوگوں نے ایک بھی دستاویز نہیں دی۔ بعد ازاں میانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کے احتساب کا وعدہ پورا کریں گے، بے نامی جائیدادیں ضبط ہونا شروع ہو گئی ہیں، قوم کا لوٹا گیا پیسہ وصول کر کے احساس پروگرام پر خرچ کیا جائے گا‘ہمیشہ میانوالی کے لوگوں کو کہا کہ جب بھی موقع ملا اقتدار میں آ کر ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے گا، ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا اور قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لایا جائے گا، اب یہ وعدہ پورا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ بے نامی جائیدادیں ضبط کرنا شروع کر دی ہیں، لوٹا گیا پیسہ باہر بھیجنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے، بیرونی دنیا کو بتاؤں گا کہ انسانیت کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو چوری کر کے بیرون ملک رکھا گیا پیسہ ان ممالک کو واپس کریں‘ ناجائز ذرائع سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کریں گے ۔

تازہ ترین