• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، ہائر ایجوکیشن محکمہ 10 ماہ میں 9 سیکرٹریز تبدیل

اسلام آباد (تجزیہ طارق بٹ) پنجاب میں تازہ ترین کابینہ ردوبدل میں دو نئے قلمدان یعنی وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم اور کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز ڈپارٹمنٹ متعارف کرادئیے گئے ہیں،محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب میں 10 ماہ میں 9 سیکرٹریز تبدیل کئے گئے۔ تازہ تبدیلیوں میں صمصام بخاری کو وزیر برائے کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز ڈپارٹمنٹ بنادیا گیا ہے۔ محمد اجمل کو وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کا قلمدان دیا گیا ہے۔ دریں اثناء تیسری تبدیلی اطلاعات کے قلمدان میں کی گئی ہے جس میں سے بخاری کو ہٹاکر اس کا ایڈیشنل چارج وزیر میاں اسلم اقبال کو دے دیا گیا ہے جن کے پاس پہلے ہی کامرس، انڈسٹریز اور انوسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ ہیں۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ بخاری کو وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے چند جھگڑالو میڈیا ایڈوائزرز کی سفارشات پر ٹی وی شوز یا کہیں اور سرکاری بیانیہ پیش کرتے وقت بہت زیادہ جھگڑالو نہ ہونے پر ہٹایا گیا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے وضاحت کی کہ کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز ایک چھوٹا سا خوابیدہ اور قریب المرگ آرگنائزیشن ہے اور یہ کہ پچھلی صوبائی حکومت نے اس کے آپریشنز اس بنیاد پر روک دئیے تھے کہ یہ لینڈ مافیا کے ہاتھوں میں ایک ٹول کی خدمات سرانجام دیتا ہے۔ یہ بورڈ آف ریوینیو (بی او آر)کے تحت آتا ہے۔ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کی صدارت ہمیشہ ہی چیئرمین نے کی ہے اور اس کے تقریباً آدھے درجن سے زائد ارکان ہیں ۔ محمد اجمل سے سماجی بہبود اور بیت المال ڈپارٹمنٹ کے قلمدان لے کر انہیں اب اس کا وزیر بنادیا گیا ہے۔ اس وقت انسپکشن ٹیم کی صدارت ڈسٹرکٹ مینجمنٹ آفیسر ڈاکٹر پرویز احمد خان کرتے ہیں۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ رولز آف بزنس کے تحت انسپکشن ٹیم براہ راست وزیر اعلیٰ کو رپورٹ کرتا ہے۔ پنجاب میں پہلے ہی وزیر برائے ریونیو ملک انور اور وزیر برائے کالونیاں چوہان موجود ہیں۔ کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز ڈپارٹمنٹ کا کوئی وزیر نہیں رہا ہے۔ لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ وزیر محمد بشارت راجا سے لے لیا گیا ہے اور کسی کے بھی حوالے نہیں کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے علیم خان کی گرفتاری کے بعد اس کا ایڈیشنل چارج انہیں دیا گیا تھا۔ حال ہی میں بشارت راجا نے لوکل گورنمنٹ سیکریٹری کیپٹن (ر) سیف انجم کو تبدیل کیا جو ایک قابل افسر تھے۔ راجا بشارت کو سماجی بہبود اور بیت المال کا محکمہ دے دیا گیا ہے۔ یاسر ہمایوں سے محکمہ ٹورازم لے لیا گیا ہے۔ ان کے پاس اب صرف ہائر ایجوکیشن کا محکمہ ہے جو موجودہ حکومت کے پہلے 10 ماہ میں تقریباً 9 سیکرٹریز دیکھ چکا ہے۔

تازہ ترین