
مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان آج شام ملاقات ہو گی۔
جاتی امراء میں ہونے والی اس بیٹھک میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی موجود ہوں گی۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اس ملاقات کے سلسلے میں لاہور پہنچ گئے ہیں۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سے متعلق معاملات اور موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت ہو گی۔
ملاقات میں 25 جولائی کے یومِ سیاہ سے متعلق بھی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی۔
ادھر ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کا مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں اسلم گل، چوہدری منظور، عزیز الرحمٰن چن اور اسرار بٹ شامل تھے۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے وفد میں مولانا امجدخان سمیت دیگر شریک تھے۔
اجلاس میں 25 جولائی کے یومِ سیاہ کے حوالے سے حکمتِ عملی مرتب کرلی گئی۔