• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کا شیخ رشید کے بیان سے متعلق سوال پر جواب

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو غیر اہم آدمی قرار دے دیا۔

جامعہ اشرافیہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اپنا چیئرمین سینیٹ لانے کے لئے ضرورت سے زائد ووٹ ہیں۔

صحافی نے مولانا سے سوال کیا کہ اگر نیب نے آپ کو گرفتار کرلیا تو کیا ہوگا؟ تو مولانانے برجستگی سے جواب دیا کہ اس معاملے میں کوئی اگر موجود ہی نہیں ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان سے متعلق صحافی کے سوال پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مجھ سے کسی غیر اہم آدمی کی بات کا سوال نہ کریں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کے حوالے سے ویڈیو منظر عام  پر آنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں رکھنے کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے آنے والوں کو حکمرانی کا حق نہیں، 25جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، اس روز ناجائز حکومت ہم پر مسلط کی گئی تھی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ 25جولائی کو حکومتی دھاندلی اور پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد سے تاجر برادری سراپا احتجاج ہے، ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار اپنی ناکامیاں چھپانے اور لوگوں کی توجہ بٹانے کے لیے دھڑا دھڑ گرفتاریاں کر رہے ہیں۔

جے یو آئی ف کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں حکومت اسٹیبلشمنٹ کی ہے، حکمران صرف مہرہ ہیں، یہ حکمران ملک کو سیکولر اور لبرل بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے سے قبل حافظ سعید کی گرفتاری امریکہ کو تحفہ ہے۔

تازہ ترین