• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی اضلاع سے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری

خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق5 نشستوں پر آزاد امیدوار، 3،3 پر تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) اور 2 پر جماعت اسلامی کو برتری حاصل ہے۔

قبائلی علاقے کے 7 اضلاع میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے،16 نشستوں پر 281 امیدواروں میں مقابلہ ہے، جن میں سب سے بڑی تعداد آزاد امیدواروں کی ہے۔

قبائلی اضلاع کی 16 جنرل نشستوں کےلئے تحریک انصاف نے 16، جے یو آئی ف نے 15،اے این پی نے 14، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی نے 13،13 امیدوار میدان میں اتارے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور قومی وطن پارٹی کے امیدواروں کی تعداد 3،3 ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے،اس لئے نتائج واٹس ایپ پرفراہم کیے جائیں گے۔

پی کے 105 خیبر1 میں 110 میں سے 93 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار شفیق آفریدی 18100 ووٹ لے کر پہلے جبکہ آزاد امیدوار شیرمت خان 6ہزار303 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی کے 110 اورکزئی کے 175 میں سے 32 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق آزاد امید وار سید غازی جمال 4554 ووٹ لے کر پہلے اور آزاد امیدوار جوہر عباس 2553 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی کے 113 جنوبی وزیرستان 1 کے 139 میں سے 7 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار وحید خان 1705 ووٹ لے کر پہلے اور آزاد امیدوار عارف زمان برکی 778 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

آج انتخابی عمل کے دوران قبائلی اضلاع میں زبردست گہماگہمی رہی، حق رائے دہی استعمال کرنےکےلئے صبح سویرے لمبی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔

شمالی وزیرستان میں کئی ووٹرز قومی پرچم تھامے ہوئے تھے، خواتین نے بھی روایتی پردے میں ووٹ کاسٹ کیا، نوجوان اوربزرگ کڑی دھوپ میں کھلے آسمان تلےلائنوں میں لگے رہے۔

بیمار اور خصوصی افراد بھی قومی فریضے کی ادائیگی کے لیے پولنگ اسٹیشن آئے۔

قبائلی اضلاع میں تاریخی انتخابات پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ٹامس ڈریو نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے تاریخی دن پر آزاد انتخاب کا عمل کامیاب ہوگا۔

تازہ ترین