• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد یونیورسٹی کا کام بہت جلدشروع ہوگا، گورنر سندھ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حیدرآباد یونیورسٹی کا کام بہت جلدشروع ہوگا، وزیر اعظم نے سندھ کے لئے 42ارب سے زائد کا پیکیج رکھا ہے، 5ارب روپے مزید ترقیاتی کاموں کے لئے منظور ہوئے ،وزیر اعظم پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ہم گورنر راج نہیں لگانا چاہتے، جمہوری نظام میں جس کے پاس اکثریت ہو وہ آئینی تبدیلی لاسکتا ہے، اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کے لئے تحریک عدم اعتماد لائی ہے جس کے پاس اکثریت ہوگی وہ اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین لے آئے گا، سندھ کے پانی کا مقدمہ وزیر اعظم کے پاس لے کر جاؤں گا، پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ حیدرآباد میں جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ میں پانی ہے لیکن اس کے باوجود بعض علاقوں تک نہیں پہنچایا جارہا ہے، پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا،وزیر اعظم کی ہدایت پر سندھ کے دورے پر نکلا ہوں، صوبے کے ہر ضلع میں جاؤں گا، لوگوں سے مل کر ان کے مسائل وفاق تک پہنچاؤں گا ۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سندھ کے لئے 42 ارب سے زائد کا پیکیج رکھا ہے، 5ارب روپے مزید ترقیاتی کاموں کے لئے منظور ہوئے ہیں، حکومت کو تھوڑا وقت دیا جائے،10ماہ میں 70سال کا حساب مانگا جارہا ہے، معاشی بحران سے گزر رہے ہیں،سب کو ٹیکس دینا پڑے گا اگر ٹیکس نہیں دیں گے تو پھر حکومت کو قرضہ لینا پڑے گا، پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے تاجروں سمیت سب کو ٹیکس دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دنیا میں سب سے زیادہ زکوٰۃ دیتی ہے لیکن ٹیکس دینے میں سب سے پیچھے ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے وہ حکومت کے کہنے پر کچھ نہیں کررہا، سندھ میں احتساب کا عمل تیز ہے یا سستی روی کا شکار ہے اس بارے میں نیب ہی بہتر بتا سکتا ہے کیونکہ وہ نیب کے ترجمان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے لئے ملک ریاض سے معاہدہ ہوگیا ہے، بہت جلد کام شروع ہوجائے گا۔ اس موقع پر جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی ہے، جمہوریت ڈی ریل جب ہوتی ہے جب وفاق صوبوں کو حق نہیں دیتا، سندھ میں 22سال سے پیپلزپارٹی حکومت کررہی ہے، پیپلزپارٹی پہلے سندھ کا حساب دے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا اجلاس پیرپگارا کی زیر صدارت اگلے جمعہ کو کراچی میں ہوگا، جی ڈی اے سندھ میں کرپشن، بیڈ گورننس اور لاقانونیت کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
تازہ ترین