• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلزلہ متاثرین کے پیسے کھانا مردار کھانے کے برابر سمجھتا ہوں، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز کیس میں نیب کو آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی جبکہ شہبازشریف احتساب عدالت پیش ہوئے اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے موقف اپنایا کہ میرے متعلق جو اسٹوری لگائی گئی وہ انتہائی مضحکہ خیز ہے، زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا مردار کھانے کے برابر سمجھتا ہوں، مجھے بدنام کرنے کیلئے ملک کو بدنام نہ کریں۔احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ شہبازشریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالت نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کہاں ہیں؟ جس پر نیب نے جواب دیا وہ اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں،حمزہ شہباز سے اثاثہ جات کیس میں تحقیقات کی جا رہی ہیں اسلئے حمزہ شہباز کو پیش نہیں کیا گیا۔ وکیل حمزہ شہباز نے کہا ان کو پیش نہ کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ جج احتساب عدالت نے شہباز شریف سے سوال کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں ؟ جس پر شہبازشریف نے کہا مجھے بدنام کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، بیرون ملک کے اخبار سے ایک خبر میرے خلاف چھپا کر مجھے بدنام کیا گیا،دنیا کو بتایا گیا کہ شہبازشریف زلزلہ زدگان کی رقم کھا گیا،اللہ مجھے ایسی رقم سے زندگی بھر دور رکھے،مجھے تو تحریک انصاف نے بدنام کرنا ہی تھا لیکن پاکستان کو بدنام کیا گیا،اگر میں نے ایسی رقم کھائی تو نیب حکام اسکا کیس بنا کر معزز عدالت میں لاتے، پتہ نہیں جھوٹی اسٹوری چھپوانے کی کیا ضرورت تھی،میں نے وزیراعظم کو خط لکھا کہ ایرا میں جو شخص تھا نیب اسوقت کہاں تھی۔ شہبازشریف نے کہا کہ مجھے آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا، الحمدللہ اب میں ضمانت پر ہوں، پھر بھی میں ہرپیشی پر عدالت میں حاضر ہوتا ہوں۔ شہباز شریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جسکے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

تازہ ترین