• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جج ارشد ملک کی خفیہ ویڈیو کی مبینہ فرانزک رپورٹ جھوٹ ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق ڈی جی فرانزک پنجاب کی چلائی گئی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ ویڈیو، آڈیو کی کوئی حتمی رپورٹ نہیں بنی۔ ارسطواحسن اقبال غلط خبریں پھیلا رہے ہیں،کوئی ٹیپ پنجاب فرانزک لیب کوبھیجی نہ رپورٹ ہے،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی نے بتایا کہ مسلم لیگ(ن)عدالتیں، وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)اور قومی احتساب بیورو (نیب)کے اختیارات اپنی مرضی کے تحت استعمال کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جھوٹ مافیا کا کام ہی ایسی کہانیاں ترتیب دینا ہے اور یہ (مسلم لیگی) اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنا شروع ہوجاتا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے واضح کیا کہ مذکورہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر نگرانی ہے اور ایف آئی اے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گی۔انہوں نے دعوی کیا کہ 16 برس قبل بنائی گئی ویڈیو کو 5 منٹ میں ردوبدل کرکے چلائی گی تاہم اس کے پس پشت مقاصد کے بارے میں ایف آئی اے عدالت کو رپورٹ پیش کرے گی۔فردوس عاشق اعوان نے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق تمام رپورٹس کو من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے کا ان کے پاس وقت ہے لیکن جواب دینے کا نہیں۔ ارسطواحسن اقبال غلط خبریں پھیلا رہے ہیں وہ بھارتی بارڈر کے قریب سپورٹس سٹیڈیم بنانے میں مصروف رہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے قبائلی اضلاع میں پہلی مرتبہ انتخابات کے انعقاد کو امن کی جیت قرار دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم صفدر صاحبہ، آپ کا بیانیہ کون مانے گا؟۔ ایک آڈیو، ویڈیو ٹیپ کے حوالے سے فرانزک لیب کی رپورٹ چلائی گئی، ویڈیو کی فرانزک رپورٹ سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نا ہی کوئی ٹیپ پنجاب فرانزک لیب میں بھیجی گئی نہ کوئی رپورٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے)ویڈیو کے معاملے پر اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی، اس سے قبل قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ سیاسی بلوغت سے عاری ٹولہ عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کو معلوم ہے یہ تمام کیسز عدالت میں ہیں، یہ ان کیسز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایک تحریک عدم اعتماد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف بھی ہے، زرداری صاحب نے سنجرانی صاحب کومنتخب کیا، اب پتا نہیں انہوں نے کونسی گستاخی کر دی ہے، چیئر مین کو آئین اپوزیشن اپنی خواہشات کے مطابق چلانا چاہتے ہیں۔ اگر چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کیخلاف تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو اختیار صدر مملکت کے پاس چلاجاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرسینیٹ میں دونوں عہدے نہیں ہوں گے تو سینیٹ میں آئینی بحران پیدا ہو گا۔ صدر کے پاس آئینی اختیار ہے وہ کسی کو بھی سینیٹ میں نامزد کر سکیں گے۔ حکومت آئین پر حملوں کو روکنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن خود آئینی بحران پیدا کرنا چاہتی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کے لیے بھرپور کوشش کی۔ ہم چین سمیت اپنے دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔ خطرے کی تلوار وقتی طور پر ہٹی، ختم نہیں ہوئی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمیں سب سے پہلے منی لانڈرنگ کوروکنا ہے، منی لانڈرنگ کرنے والوں نے پاکستان کو گرے لسٹ میں بھیجا، نیشنل ایکشن پلان کے مطابق کالعدم جماعتوں کو کام سے روکا جائے گا، ان کی گرفتاری گرے لسٹ نہیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی۔  

تازہ ترین