• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہاٹ بورڈکے87پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں انعامات تقسیم

پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے ہفتہ کے روز ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکوہاٹ میں"ستوری دپختونخوا "پروگرام کے تحت میٹر ک اور انٹرکے سائنس اور آرٹس کے 2018ء کے 87پوزیشن ہولڈرطلباء و طالبات میں2کروڑ 47لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔میٹرک کے فی طالبعلم /طالبہ کو 1لاکھ 20ہزارروپے سالانہ جبکہ انٹر کے فی طالبعلم/طالبہ کو1لاکھ80ہزار روپے سالانہ دیئے گئے۔انہوں نے سپورٹس کے شعبے کے ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔بورڈ کے چیئرمین الیاس آفریدی نے اس موقع پر بور ڈ کی سالانہ کارکردگی پیش کی۔مشیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت نے 2011ء میں سرکاری سکولوں کے ذہین اور قابل طلباء کیلئے یہ پروگرام شروع کیا تھاجس کے تحت میٹرک اور انٹر کے ٹاپ10طلبہ کو بالترتیب 10ہزار اور15ہزار روپے دئیے جاتے تھے جسے پی ٹی آئی کے صوبائی حکومت نے 2013ء میںٹاپ20طلبہ تک بڑھایا۔صوبائی حکومت ہرسال ڈھائی کروڑ روپے اس پروگرام کے تحت تقسیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت2011ء سے2018ء تک8سال میں 7سو ذہین طلباء و طالبات میں20کروڑ روپے تقسیم کرچکی ہے۔ضیاء اللہ بنگش کاکہناتھاکہ جن سرکاری تعلیمی اداروں کے اچھے رزلٹ آئے ہیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان خودانہیں انعامات سے نوازیں گے۔خراب کارکردگی کے حامل کو شوکاز نوٹس دیئے جائیں گے۔
تازہ ترین