• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصریال روڈکی ٹوٹ پھوٹ اور تجاوزات‘ ٹریفک گھنٹوں بلاک

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) مصریال روڈ (چوہڑ بازار) کی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی‘ خراب سڑک اور تجاوزات کے باعث یہاں ٹریفک گھنٹوں پھنسی رہتی ہے‘ عام آدمی کا چلنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ مصریال بازار کی سڑک پی آئی اے کالونی تک مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے‘ بڑے بڑے گڑھے گاڑیوں کی تباہی کا سبب بن رہے ہیں جبکہ ٹریفک بھی رینگ رینگ کر چلتی ہے۔ بعض جگہ پر تو ایسا لگتا ہے سڑک صدیوں سے بنی ہے یا زلزلہ سے متاثر ہوئی ہے۔ سڑک کنارے چنگ چی رکشوں کے اڈے اور ریڑھیوں نے بھی عوام کی مشکلات کو بڑھا دیا ہے۔ رکشے سڑکوں کے علاوہ نواحی گلیوں میں بھی کھڑے رہتے ہیں جس سے مکینوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی مشکل ہو گیا ہے مگر کنٹونمنٹ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ سڑکوں پر پیدل چلنے سے بھی مجبور ہو جانے والے راہگیر آرام دہ اے سی والے کمروں میں بیٹھے حکام کو کوستے نظر آتے ہیں جنہیں عوامی مشکلات کا احساس تک نہیں۔ انسداد تجاوزات عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے سارا دن سڑک کے دونوں طرف ریڑھی بان‘ چھابڑی فروش سڑک کو گھیرے رکھتے ہیں۔ کنٹونمنٹ حکام صبح کے وقت ایک چکر لگا کر اپنی ذمہ داری پوری کر دیتے ہیں جبکہ رات 11بجے تک تجاوزات کی وجہ سے رش رہتا ہے۔ تجاوزات کے باعث سڑک دونوں جانب سے سکڑ کر ایک تہائی رہ گئی ہے۔ مکینوں نےسٹیشن کمانڈر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کبھی شام کے وقت ازخود بازار کا دورہ کریں اور عوامی شکایات کا نوٹس لیکر ان کا ازالہ کریں۔
تازہ ترین