• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلی ویژن نگری کی نئی شہزادی زباب رانا کا کہنا ہے کہ میں پیدائشی فنکارہ ہوں، مجھے اداکاری کے لیے کسی اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے اداکارہ زباب رانا نے کہا کہ ہماری سینئر اداکاراؤں نے کس ادارے سے اداکاری سیکھی۔ بشری انصاری، روحی بانو، عظمی گیلانی، شہناز شیخ اور بندیا نے کس سے اداکاری سیکھی تھی؟ فنکار تو پیدا ہوتا ہے، اسے بنایا نہیں جاسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں برق رفتاری سے کامیابی حاصل کرنے والی اداکارہ زباب رانا نے بتایا کہ ہدایت کار شہود علوی کے مشہور ڈرامے ’میرے خدایا‘ میں علینا کے کردار سے انہیں پہچان ملی۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ مال جاتی ہوں تو مداح سیلفیاں اور آٹوگراف لیتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔

دوران گفتگو زباب رانا نے بتایا کہ اُن کے ڈرامہ سیریل ’بندش‘ میں ہانیہ کے روپ کو بھی بے حد پسند کیا گیا۔ دو برس میں تین چار ڈرامہ سیریلزمیں کام کر چکی ہوں۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ ’نصیبوں جلی‘ میں کام کرکے بہت اچھا لگا، مجھے ابتداء ہی میں منجھے ہوئے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ شہود علوی، سہیل اصغر، ساجد حسن، مرینہ خان اور حرا مانی کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

زباب رانا نے کہا کہ میں نے ماڈلنگ سے آغاز کیا لیکن اب ساری توجہ اداکاری پر ہے ۔بہت جلد مداح مجھے پاکستانی فلموں میں اداکاری کرتے دیکھیں گے۔

تازہ ترین