• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اگلے ورلڈکپ میں بہترین ٹیم لے کر آئیں گے، عمران خان

پاکستان کو تبدیل ہوتا دیکھیں گے، عمران خان
بشکریہ: سوشل میڈیا

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان ٹیم کو ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ  ورلڈکپ کے بعد اب پاکستان ٹیم کو ٹھیک کرنے لگا ہوں۔ اگلے ورلڈکپ میں بہترین ٹیم لے کر آئیں گے۔

واشنگٹن میں کیپٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ واشنگٹن میں اتنے بڑے جلسے سے خطاب کروں گا، آپ لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ایک خاص نعمت کے طور پر ہمیں پاکستان دیا،کسی کو بھی اندازہ نہیں کہ پاکستان اللّٰہ کی کتنی بڑی نعمت ہے۔ آپ پاکستان کو تبدیل ہوتا دیکھیں گے، ہر سال ملک اوپر جاتا رہے گا۔


انہوں  نے کہا کہ نواز شریف کو  آمر نے اٹھا کر لیڈر بنادیا، شہباز شریف وزیر اعلیٰ بن گئے کیونکہ ان کے بھائی تھے، ماضی میں کبھی ان لوگوں سے نہیں پوچھا گیا، جب عدالت فیصلہ کرتی ہے تو کہتے ہیں کیوں نکالا، ان پر سارے کیسز  پرانے ہیں، ہم نےکوئی کیس نہیں کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ ہم نےصرف اداروں کو  آزاد کیا ہے، نیب اور ایف آئی اے کو آزاد کیا، جو آج پاکستان میں ہورہا ہے یہ نیا پاکستان بن رہا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ آج سب اکٹھے ہوگئے ہیں، فضل الرحمان، بلاول اور ن لیگ سب اکٹھے ہوگئے ہیں، ان سب کا صرف ایک ہی مقصد ہے، اور وہ ہے این آر او۔ ہم نے پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لانا ہے، ہم نے طاقت ور کا احتساب شروع کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کس ملک میں تعلیم کے تین سسٹم چلتے ہیں؟ پاکستان میں تعلیم کا ایک نصاب لانےکی کوشش کررہے ہیں،25 لاکھ بچے دینی مدارس میں تعلیم کے لیے جاتےہیں، مدارس کے بچوں کو اوپر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنے پیسے بچانے کیلیے سب اکٹھے ہوجاتے ہیں،جو مرضی کرنا ہے کریں، آپ کو پیسہ واپس کرنا ہوگا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ چار، چھ مہینے سال مشکل وقت  ہے، اس سے نکل جائیں،سب مل کرتھوڑا تھوڑا ٹیکس دیں، کوئی مشکل نہیں ہے پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا، جب اقتدار ملا، ایک ادارہ نہیں تھا جو ریکارڈ خسارہ نہیں کررہا تھا۔ پاکستان میں سارےتاجروں کو رجسٹرڈ کرنا پڑے گا۔

واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب میں عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں گھر سے کھانا منگواؤں  گا، کھانا اچھا نہیں ہے، کہتے ہیں ٹی وی لگادو، اے سی لگادو،جس طرح سے یہ لوگ جیل میں رہ رہے ہیں، یہ سزا تو نہ ہوئی، واپس جاکر جیل سے ٹی وی نکالوں گا،اے سی بھی نکالوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پتا ہے مریم بی بی بہت شور مچائیں گی، لیکن پیسہ واپس کردیں،یہ باہر آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کہتے ہیں کیا اپوزیشن اس وقت اکٹھے ہوں گےجب سب جیل میں ہوں گے، ہاں فضل الرحمان آپ سب جیل میں اکٹھے ہوں گے۔ جو کرنا چاہتے ہیں کریں،دھرنا دیں، احتجاج کریں، آپ کو پیسہ واپس کرنا پڑے گا۔ آصف زرداری آپ کو بھی جیل میں رکھیں گے،جہاں ٹی وی ہوگا نہ اے سی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ آپ لوگوں  کو شرمندہ نہیں ہونے دوں گا، آج تک کبھی کسی کے سامنےجھکا ہوں اورنہ اپنی قوم کو کبھی جھکنے دوں گا۔

اس سے پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ نے ثابت کردیا کہ آپ زندہ قوم ہیں، آج آپ کے جوش کو دیکھ کر بہت سے لوگ خوش ہیں اور کچھ پریشان ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی باتوں کا ذکر ہوا، ماضی میں بھی وزیراعظم یہاں آتے  رہے، ماضی میں وزیراعظم  امریکا  آتے تھے اور فائیو اسٹار ہوٹل میں رہتے تھے، یہ پہلا وزیراعظم ہے جو کمرشل فلائٹ میں امریکا  آیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کیپٹل ون ارینا میں کوئی پاکستانی وزیر اعظم پہلی بارخطاب کرے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پچھلے مالی سال اوورسیز پاکستانیوں  کی ترسیل زر میں 9 سے10 فیصداضافہ ہوا،عمران خان نےکئی سالوں کے بعد امریکا میں قدم رکھا ہے، ہم دوطرفہ تعلقات کو  استوار کرنے آئے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ ہم ہاتھ میں کشکول لے کر نہیں آئے،ہم کچھ مانگنےنہیں آئے،ہم یہاں آئے ہیں تو ایک پُرامن خطے کا اورایک خوشحال پاکستان کاپیغام لے کر آئےہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم ثابت کریں گےکہ پاکستان تبدیل ہوچکاہے۔

قبل ازیں سینیٹرفیصل جاوید کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کی تاریخ میں اوور سیز پاکستانیوں کاسب سے بڑا مجمع ہے، انہوں نے کہا کہ وہ دن دورنہیں جب عمران خان نیاپاکستان بناکر رہیں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین