• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی سرکار کو مذاکرات کے بغیر مسئلہ حل کرنا آتا ہے، کشمیری جان لیں انہیں آزادی نہیں ملے گی، بھارتی وزیر دفاع کی دھمکی

نئی دہلی (جنگ نیوز /ایجنسیاں)بھارتی وزیر دفاع نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری جان لیں انہیں آزادی نہیں ملے گی ،مودی سرکار کو معلوم ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کے بغیر بھی نکالا جا سکتا ہے مودی سرکار اس کا فن جانتی ہے ،راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں نے بہت کوشش کی حریت پسند مذاکرات کی میز پر آ جائیں ،دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان سے ’اٹوٹ انگ ‘کے بھارتی دعوے کے غبارے سے خود ہی ہوا نکل گئی ہے۔علاوہ ازیں نئی دہلی میں کارگل وجے دیواس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر کارگل جنگ کے موقع پر لڑنے والے بھارتی فوجیوں کی قربانیوں کو سراہا،انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی سیاچن کا دورہ بھی کرینگے،بھارتی وزیر دفاع کایہ بھی کہنا تھا کہ بالاکوٹ اسٹرائیک کے بعد اپنی فوج پر ملک کے اعتماد اور بھروسے میں اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج سنگھ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی ہٹ دھرم پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ کشمیر ی جان لیں بھارت سے آزادی کبھی نہیں ملے گی،مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کے بغیر بھی نکالا جا سکتا ہے مودی سرکار اس کا فن جانتی ہے ،حریت پسندوں نے لوگوں کے بچوں کو پتھرمارنے پر لگا کر ان کا مستقبل تباہ کر دیا ، ان کے اپنے بچے بیرون ملک پڑھائی کر رہے ہیں۔گزشتہ روز جموں کے علاقے سانبہ میں دریا پر پل کا افتتاح کرنے کی تقریب اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم نے کشمیری سیاسی قیادت کو بار بار مذاکرات کی پیشکش کی لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔اب کشمیری عوام جان لیں بھارت سے آزادی کبھی نہیں ملے گی۔مودی سرکار مذاکرات کے بغیر بھی مسئلہ کشمیر کا حل جانتی ہے اور ہم ایسا کر کے دکھائیں گے۔ آپ کو پتہ ہے بغیر مذاکرات مسئلہ کشمیر حل کرنے کا کیا معنی ہے ۔انھوں نے کہا کہ جب میں وزیرداخلہ تھا تو کشمیریوں سے بات چیت کی بہت کوشش کی اتنی کوشش کسی نے نہ کی ہو گی ۔میں نے کشمیر کی سیاستی جماعتوں بشمول اس وقت کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی کہا کہ حریت پسندوں کو مذاکرات کی میز پر لائیں ۔میں نے اسی پر بس نہیں کیا ایک پارلیمانی وفد بھی حریت قائدین کے پاس بھیجا مگر انھوں نے اس کو کوئی اہمیت نہیں دی ،مسلسل سرد مہری کا مظاہرہ کیا گیا۔انھوں نے الزام عائد کیا کہ حریت پسندوں نے لوگوں کے بچوں کو پتھرمارنے پر لگا کر ان کا مستقبل تباہ کر دیا ہے جبکہ ان کے اپنے بچے بیرون ملک پڑھائی کر رہے ہیں ۔راج ناتھ سنگھ پر کہا کہ بھارتی حکومت بات چیت کے بغیر بھی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا فن جانتی ہے ۔ہم جلد وادی سے عسکریت کو ختم کر کے کشمیر کا تنازعہ حل کر لیں گے۔ہماری فورسز ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنا جانتی ہیں ۔دریں اثناءبھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس دوران وہ دراس کارگل میں فوجی یادگار پر بھی گئے جہاں پھول چڑھائے۔بھارتی وزیر دفاع نے لائن آف کنٹرول اور حقیقی کنٹرول لائن لداخ کے علاوہ وادی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر بھارتی آرمی چیف بپن راوت بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ راجناتھ سنگھ دورے کے دوران جموں صوبے کے کٹھوعہ اور سانبہ علاقوں میں بارڈر روڑس آرگنائزیشن کی جانب سے تعمیر کئے گئے دو پلوں کا افتتاح کیا۔

تازہ ترین